لاہور(نمائندہ خصوصی سے )چیف سیکرٹری پنجاب میجر (ر) اعظم سلیمان خان کی زیر صدارت پنجاب فوڈ اتھارٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں اشیاء خورونوش میں ملاوٹ کرنے اور انسانی صحت سے کھیلنے والے معاشرتی ناسوروں کیخلاف سخت ایکشن کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں چیف سیکرٹری کو زائد المعیاد چاکلیٹس، چپس، کوکنگ آئل، جعلی مشروبات کے علاوہ شادی ہالوں اور ریسٹورنٹس میں مضر صحت کھانوں کی فراہمی پر کارروائی سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیف سیکرٹری نے ہدایت کی کہ ملاوٹ کرنے والوں کیخلاف کریک ڈائون کیاجائے لیکن کارروائی کی آڑ میں صیحح اشیاء فروخت کرنے والوں کو ہراسا ں نہ کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ اشیاء میں ملاوٹ کرنے والے ملک و قوم کے دشمن ہیں ، ان سے کسی قسم کی رعائت نہ برتی جائے ۔ ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی عرفان میمن نے بریفنگ میں بتایا کہ دسمبر اور جنوری کے مہینوں کے دوران ملاوٹ شدہ دودھ بیچنے والے 246دکانداروں کو 791,000روپے کے جرمانے اور35 دوکانیں سر بمہر کی گئیں۔ اسی طرح خراب اور بیمار جانوروں کاگوشت فروخت کرنے پر 519 دوکانداروں کو 1806,000 روپے جرمانہ جبکہ 33 دوکانوں کو سر بمہر کیا گیا۔