لاہور،اسلام آباد (سٹاف رپورٹر،ایجنسیاں ) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہاہے کہ انتخابی اصلاحات نہ ہوئیں تو آئندہ الیکشن میں کھلے عام ووٹوں کی خرید و فروخت ہوگی ، زور اور زر کی بنیاد پر الیکشنز کے بعد عوام کی تکالیف میں مزید اضافہ ہوتاہے ، سیاسی جماعتیں اپنے اندر جمہوریت لائیں اور انتخابی نظام میں اصلاحات کے لیے سنجیدہ رویہ اپنائیں ، وڈیرے ، جاگیردار ، سرمایہ دار عوام کے زخموں پر کب تک نمک چھڑکتے رہیں گے ، ملک میں تعلیم و تحقیق کے میدان میں جمود کی سی کیفیت ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد کے مرکز تعلیم و تحقیق میں تقسیم اسناد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ نصر اللہ رندھاوا اور شمشیر خان بھی اس موقع پر موجود تھے ۔سراج الحق نے کہا کہ ملک میں یونیورسٹیاں اور کالجز تعمیر کرنے کی بجائے لنگر خانے اور پناہ گاہیں بن رہی ہیں ، مدارس دینیہ کے خلاف منظم سازشیں جاری ہیں ، جاگیرداروں اور وڈیروں کو مدارس اور یونیورسٹیز کے طلبہ و طالبات سے خطرہ ہے ،اسمبلیوں کو اکھاڑوں کی طرح استعمال کیا جاتا رہاتو عوام کا اعتماد رہی سہی جمہوریت سے بھی اٹھ جائے گا ، سیاست سے اخلاقیات کا خاتمہ ہوگیااور اداروں سے ایمانداری کا ، پی ٹی آئی نے احتساب سب کا کا نعرہ لگا کر عوام کو دھوکہ دیا ۔ سابقہ اور موجودہ حکمران ان تمام حالات کے ذمہ دار ہیں ۔