اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی،این این آئی) چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے گندم کی سرکاری قیمت میں صرف 50 روپے فی من اضافہ مسترد کر دیا ،جمعرات کو ایک بیان میں بلاول نے کہا کہ 5 سال بعد گندم کی سرکاری قیمت میں صرف50 روپے اضافہ کاشتکاروں کے ساتھ مذاق ہے ، گندم کی کم از کم سرکاری قیمت 1600 روپے فی من مقرر کی جائے ،عالمی منڈی میں گندم کی قیمت 1575 روپے ہے ہمارے کسان کو 1350 روپے پر ٹالا جا رہا ہے ، پیپلز پارٹی نے اپنے دور میں گندم کی قیمت 450 سے بڑھا کر 1250 روپے من مقرر کی،پی پی پی حکومت نے ملک کو گندم درآمد کرنے والے سے گندم برآمد کرنے والا ملک بنادیا، یوریا، ڈی اے پی ، زرعی ادویات اور دیگر مداخل کی قیمتیں آسمانوں کو چھو رہی ہیں، حکومت کی کسان دشمن پالیسی کی وجہ سے زرعی شعبہ تباہ اور کاشتکار برباد ہو رہا ہے ۔دریں اثنا پارٹی کے یوم تاسیس کی تیاریوں سے متعلق اجلاس میں بلاول نے کہا کہ اس مرتبہ پیپلزپارٹی اپنا یوم تاسیس کشمیریوں کے ساتھ منائیگی ۔ اجلاس میں نیئر بخاری، راجہ پرویز اشرف، چودھری لطیف اکبر، چوہدری یاسین اور سردار یعقوب،چودھری پرویزاشرف، مطلوب انقلابی، جاوید ایوب اور قاسم مجید نے شرکت کی۔