لاہور (جنرل رپورٹر) وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشدنے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا ہے کہ حکومتی اقدامات سے ضلع اور تحصیل ہسپتالوں میں حاضری کی صورتحال میں بہتری آئی ہے ۔بغیر اطلاع کے غیر حاضر ہونے کے رجحان کی سو فیصد حوصلہ شکنی کی جائے ۔ صوبے کی تاریخ میں پہلی بار پرائمری اور سیکنڈری طبی مراکز پر زیادہ توجہ دی جارہی ہے ۔صوبہ بھر کے سی ای اوز ہیلتھ کے اجلاس کی بذریعہ ویڈیو لنک صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حاضری کے بائیومیٹرک سسٹم میں کوئی خرابی ہو تو فوری درست کرائی جائے ۔ ہفتہ وار حاضری رپورٹ ڈی جی ہیلتھ سروسز آفس کو بھجوانے کا سلسلہ جاری رکھا جائے ۔ اجلاس میں تمام سی ای اوز ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹیز کی طرف سے ہسپتالوں کی ایمرجنسی کی صورتحال پر بھی بریفنگ دی گئی ۔ ڈاکٹر یاسمین راشد نے ہدایت کی کہ ایمرجنسیوں کی ری ویمپنگ کا کام ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے ۔ اضلاع میں ہیلتھ کونسلز کو مکمل طور پر فعال رکھا جائے ۔ ادویات کی خریداری کا عمل طے شدہ طریقہ کے مطابق بروقت مکمل کیا جائے ۔ بعض اضلاع میں اینستھیزیا ماہرین کی کمی کی شکایت پر وزیر صحت نے بتایا کہ محکمہ صحت کے مزید 48 ڈاکٹروں نے اینستیھٹیسٹ کی تربیت مکمل کرلی،جلد اضلاع اور تحصیل میں لگایا جائے گا۔ صوبے میں نئے بھرتی ہونے والے ایسے ڈاکٹروں سے بھی کام لیا جائے جنہوں نے اینستھیٹسٹ کی تربیت لے رکھی ہے ۔ مزید اینستھیٹسٹس اور اینستھیزیا ٹیکنیشنز کی تعیناتی بھی کی جا رہی ہے ۔