لاہور (سپورٹس رپورٹر )قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اظہر علی نے فواد عالم کی گزشتہ روز سنچری سکور کرنے پر اْنہیں ارطغرل غازی سے تشبیہ دے دی۔اس ضمن میں اظہر علی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر دو تصاویر پو مبنی ایک فوٹو کولاج شیئر کی ہے ۔مذکورہ فوٹو کولاج میں پہلی تصویر ترکش ڈرامہ سیریز ’ارطغرل غازی‘ کے مرکزی کردار کی ہے جس میں وہ گھوڑے پر بیٹھے ہیں جبکہ دوسری تصویر فواد عالم کی ہے جس میں وہ اپنی شاندار کارکردگی پر جشن مناتے نظر آرہے ہیں۔ اظہر علی نے فواد عالم کی زبردست سنچری پر اْن کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ شیر دل فواد عالم باہمت اور پْرعزم شخصیت کے مالک ہیں۔