کراچی ،لاہور ( سٹاف رپورٹر ،جنرل رپورٹر، نمائندہ خصو صی سے ، اپنے رپورٹر سے ) بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کا 73 واں یوم وفات انتہائی عقیدت و احترام سے منایاگیا۔ سرکاری اور نجی سطح پر مختلف تقریبات کا اہتمام بھی کیا گیا،مزار قائد پر گارڈز کی پروقارتبدیلی کی خصو صی تقریب بھی منعقد ہوئی۔گورنر سندھ اور وزیر اعلیٰ سندھ نے صوبائی کابینہ سمیت مزار پر حاضری دی، پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔ سربراہ پاک فضائیہ ظہیر احمد بابر سدھو نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاک فضائیہ بابائے قوم کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے ، جنہوں نے برصغیر کے مظلوم لوگوں میں امید کی کرن روشن کی، قائد کا نظریہ، وژن اور رہنما اصول ہمارے لئے مشعل راہ ہیں۔دوسری جانب ایوان کارکنان تحریک پاکستان میں محفل قرآن خوانی منعقد کی گئی ، جس کے بعد خصوصی نشست کا اہتمام کیا گیا ۔ علامہ طاہر محمود اشرفی ،ڈاکٹر راغب حسین نعیمی،بیگم مہناز رفیع، کرنل(ر) محمد سلیم ملک،پروفیسر ڈاکٹر پروین خان، طلبا وطالبات سمیت کثیر تعدادمیں افراد شریک ہوئے ۔ مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناحؒ کے رہنما اصول آج بھی مشعلِ راہ ہیں ۔علامہ طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ ملک کو قائداعظمؒ کے وژن کے مطابق چلانا ہے تو قوم کو ایک کرنے کیلئے یکساں نصاب کا نفاذ ناگزیر ہے ۔علاوا زیں نظریہ پاکستان ٹرسٹ کے زیر اہتمام ایوان قائد اعظم جوہر ٹائون میں محفل قرآن خوانی کا انعقاد کیا گیا، علامہ حسین احمد گولڑوی نے ختم شریف پڑھا جبکہ مولانا محمد شفیع جوش نے دعا کرائی۔ ٹرسٹ کے سیکرٹری شاہد رشید ودیگر بھی موجود تھے ۔