لاہور(خبرنگارخصوصی)پنجاب کی تاریخ میں پہلی بار مرکزیت کو ختم کر کے بجٹ کی تمام اضلاع میں موزوں تقسیم کویقینی بنایا گیا ہے ۔ کوشش کی گئی ہے کہ چھوٹے شہروں میں شہری سہولیات کی فراہمی کے ذریعے معاشی سرگرمیوں کو فروغ دیا جائے ۔ملک کے اقتصادی حالات موزوں معاشی منصوبہ بندی کے متقاضی ہیں اسی لیے بجٹ کی تیاری میں ماہرین معاشیات کی تجاویز سے استفادہ کرتے ہوئے زراعت اور صنعت کو خصوصی توجہ دی گئی ہے تاکہ آئندہ آنے والے دنوں میں سی پیک سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اْٹھایا جا سکے ۔ معاشی گراوٹ کے سب سے بڑے شکار خط غربت سے نیچے زندگی بسر کرنے والے طبقہ کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے کی کوشش کی گئی ہے ۔ سکیل 17تک سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں دس فیصد اضافہ کیا گیا ہے ۔ صوبائی وزیر خزانہ پنجاب مخدوم ہاشم جواں بخت نے چیئرمین سوشل پروٹیکشن اتھارٹی علی اسجد ملہی ، سیکرٹری پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ افتخار ساہو ، سیکرٹری فنانس عبداﷲ سنبل ، سپیشل سیکرٹری مجاہد شیر دل ، سیکرٹری ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن اور چیئرمین پنجاب ریونیو اتھارٹی کے ہمراہ پوسٹ بجٹ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پنجاب احساس پروگرام کو صوبے میں گیم چینجر قرار دیتے ہوئے کہا کہ سماجی شعبہ موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے ۔ حکومت تعلیم ،صحت اور زراعت کے شعبہ میں بھی نجی شعبہ کے لیے مواقع پیدا کر رہی ہے ۔ محصولات سے متعلق سوالات کا جواب دیتے ہوئے صوبائی وزیر نے بتایا کہ آئندہ مالی سال کے بجٹ میں کسانوں پر آمدن کی بنیاد پر عائد ٹیکس کو ڈیڑھ لاکھ سے سالانہ سے کم کر کے صرف تین ہزار روپے کر دیا گیا ۔ حجاموں یا موچیوں پر مزیدکوئی ٹیکس نہیں لگا یا گیا اس کے برعکس گزشتہ سال بیوٹی سیلونز پر عائد پہلے سے عائد 16فیصد ٹیکس میں 11فیصد تک کمی کر کے ٹیکس کی شرح 5فیصد کر دی گئی تھی آئندہ مالی سال کے بجٹ میں مزید کوئی اضافہ نہیں کیا گیا۔ چیئر مین سوشل پروٹیکشن اتھارٹی علی اسجد ملہی نے پنجاب احساس پروگرام پر تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب 65سال سے زائد مستحق افراد، بیواؤں ، تیزاب پاشی کا شکار خواتین اور معذور افراد کے ساتھ ساتھ خواجہ سراؤں کے حقوق کے تحفظ کے لیے مساوات پروگرام متعارف کروا رہی ہے جس کے تحت خواجہ سراؤں کو فنی تربیت اور کاروبار کے مواقع فراہم کر رہی ہے ۔ اسجد ملہی نے وزیر اعلیٰ کی جانب سے پاکستان میں زیادتی کا شکار ہونے والی معصوم بچیوں کے علاج کی ذمہ داری اٹھاتے ہوئے لاہور تک سفر کے اخراجات اٹھانے کا بھی اعلان کیا۔