اسلام آباد (سٹاف رپورٹر؍92 نیوز رپورٹ ) وزیر داخلہ اعجازاحمد شاہ سے نائب معاون امریکی وزیر خارجہ ایلس ویلز نے ملاقات کی ۔ ملاقات میں سکیورٹی اور داخلی امور سے متعلق معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے دوران ایف اے ٹی ایف کے حوالے سے ہونے والی پیش قدمی سے متعلق امریکی وفد کو بریفنگ دی گئی۔ ترجمان وزارت داخلہ کے مطابق وزیر داخلہ نے اس موقع پر کہا کہ غیر قانونی طور پر بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے مسئلے کو تسلی بخش حد تک حل کر لیا گیا ہے جس پر ایلس ویلز نے کہا ہم حکومت کے تعاون کو سراہتے ہیں، ایک پختہ نظام اور طریقہ کار مرتب کرنا چاہتے ہیں جس سے آنے والے وقت میں بھی مستفید ہوا جا سکے ۔وزیر داخلہ نے تجویز کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاسپورٹ اور دیگر سفری دستاویزات کی تصدیق کے عمل کے لئے لائحہ عمل مرتب کر لیا گیا ، نومبر، دسمبر اور جنوری کے مہینوں میں حل کئے جانے والے کیسز کی رپورٹ امریکی سفارت خانے کو جاری کر دی گئی ہے ۔ایلس ویلز نے کہا پاکستانی حکومت کی جانب سے بر وقت جوابات کا عمل قابل تعریف ہے ۔ وزیر داخلہ نے کہا آئی این جی اوز کی رجسٹریشن کے لئے لائحہ عمل مرتب کر لیا ہے جن تنظیموں پر تحفظات ہوں، انہیں اپنا موقف دینے کا موقع فراہم کیا جاتا ہے ،ترتیب کردہ معیار پر پوری اترنے والی تنظیمات کو کسی مشکل کا سامنا نہیں ہے ۔ ایف اے ٹی ایف کے حوالے سے ہونے والی پیش قدمی سے متعلق امریکی وفد کو بریفنگ دی گئی جس پر ایلس ویلز نے کہا یہ سن کر بے حد خوشی ہوئی کہ پاکستان کی مرکزی حکومت نے ان معاملات پر کافی کم وقت میں بہت بہتر کارکردگی دکھائی ہے جس پر وزیر داخلہ نے کہا ان اقدامات کا متعارف ہونا ہماری اپنی ترقی کے لئے بھی انتہائی خوش آئند ہے ۔ ملاقات کا اختتام اس عزم پر ہوا کہ باہمی تعلقات کی بہتری کے لئے مل کر کام کریں گے ۔92 نیوزرپورٹ کے مطابق ایلس ویلز نے مشیر تجارت عبدالرزاق دائود سے بھی ملاقات کی۔ایلس ویلز نے کہا کہ دونوں ممالک کے مابین زرعی شعبے میں باہمی تجارت کو مزید فروغ اور استحکام دیا جاسکتا ہے ۔