لاہور(کلچرل رپورٹر) ایگزیکٹو ڈائریکٹر لاہور آرٹس کونسل الحمرا اطہر علی خان نے کہا ہے کہ اعلیٰ موسیقی ہماری احسن روایات کا حصہ ہے ،جس کا فروغ معاشرے میں امن و امان کا موجب بنتاہے ،لوگ اپنے اعلی ٰذوق کی تسکین حاصل کرتے ہیں،اس عمل سے الحمرا سماج میں مثبت رویوں کو فروغ دینے میں اپنا بھرپور کردار ادا کرتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ لوگ الحمرا کے پروگراموں میں شرکت کر کے ذہنی سکون حاصل کرتے ہیں ، یہ پروگرام بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے جس میں آرٹسٹوں نے بڑی مہارت سے اپنے فن کا مظاہرہ کیا ہے ،پروگرام میں موجود عوام کی توجہ قابل دید تھی۔پروگرام میں استاد شفقت علی خان اور استاد شہباز حسین نے دیگر آرٹسٹوں کے ہمراہ پرفارم کیا۔موسیقی کے اس شام فیضان علی خان ،نادر علی خان اور کاشف علی دانی نے بھی عوام سے بھر پور داد سمیٹی۔