لاہور(سپورٹس رپورٹر) قائداعظم ٹرافی سیکنڈ الیون ٹورنامنٹ کے پانچویں راؤنڈ میں حیات آبادسپورٹس کمپلیکس پشاور میں کھیلے گئے تین روزہ میچ میں خیبرپختونخوا نے بلوچستان کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی، سدرن پنجاب نے ناردرن کو جبکہ سنٹرل پنجاب نے سندھ کو 4 وکٹوں سے ہرا دیا۔خیبرپختونخوا نے دوسری اننگز میں 127 رنز کا ہدف باآسانی 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ آلراؤنڈر ساجد خان کی میچ میں 13 وکٹوں نے خیبرپختونخوا کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔ مہمان ٹیم نے 127 رنز 6 کھلاڑی آؤٹ سے میچ کے آخری روز اپنی دوسری اننگز کا آغاز کیا بلوچستان کی پوری ٹیم 65ویں اوور میں 214 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ جواب میں خیبرپختونخوا نے 127 رنز کا ہدف 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ مظفر آبادسٹیڈیم میں سدرن پنجاب نے ناردرن کو 9 وکٹوں سے شکست دے دی۔ پہلی اننگز میں فالو آن کا شکارہونے والی ناردرن کی ٹیم نے دوسری اننگز میں مہمان ٹیم کو جیت کے لیے 49 رنز کا ہدف دیا تھا جو اس نے ایک وکٹ کے نقصان پر پورا کرلیا۔ این بی پی سٹیڈیم کراچی میں سنٹرل پنجاب نے پہلی اننگز میں خسارے میں جانے کے باوجود سندھ کے خلاف میچ میں کامیابی حاصل کرلی۔سنٹرل پنجاب نے ہدف 6 وکٹوں پر پورا کرلیا۔