اسلام آباد، راولپنڈی (سپیشل رپورٹر ،نامہ نگار خصوصی، 92نیوزرپورٹ، مانیٹرنگ ڈیسک،اے پی پی ) پاکستان اور قطر کے مابین تجارت اور سرمایہ کاری میں تعاون کیلئے ورکنگ گروپ کے قیام،سیاحت اور تجارت کی ترقی کیلئے تعاون، منی لانڈرنگ اور دہشتگردوں کی مالی معاونت کے انسداد اورخفیہ معلومات کے تبادلے سے متعلق تین سمجھوتے طے پاگئے ۔مفاہمتی یادداشتوں پردستخطوں کی تقریب گذشتہ روزوزیر اعظم ہائوس میں ہوئی ۔ اس موقع پر قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی اور وزیر اعظم عمران خان بھی موجود تھے ۔دونوں ملکوں کے درمیان منی لانڈرنگ اور دہشتگردوں کی مالی معاونت کی روک تھام کیلئے خفیہ معلومات کے تبادلے کا معاہد ہ قطر کے فنانشل انفارمیشن یونٹ اور پاکستان کے فنانشل مانیٹرنگ یونٹ کے درمیان طے پایا ۔قطر کے وزیر خزانہ علی شریف العمادی اور مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد نے پاکستان اور قطر کے مابین تجارت اور سرمایہ کاری میں تعاون کیلئے ورکنگ گروپ کے قیام سے متعلق مفاہمت کی یادداشت پر دستخط ہوئے ۔سیاحت اور تجارت کے شعبوں میں ترقی کیلئے تعاون سے متعلق یادداشت پر سیکرٹری جنرل قطر نیشنل ٹوارزم کونسل اکبر الباقر اور وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ فہمیدہ مرزا نے دستخط کئے ۔قبل ازیں وزیر اعظم عمران خان اور امیر قطر کے مابین ون آن ون ملاقات ہوئی۔دونوں رہنمائوں نے دو طرفہ تعلقات اور باہمی تعاون کے مزید فروغ کے مواقعوں پر تبادلہ خیال کیا۔ذرائع کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے امیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی کا پاکستان آمد پر شکریہ ادا کیا اور کہا ان کے دورے سے دونوں ملکوں کے برادرانہ تعلقات مزید مستحکم ہوں گے ۔انہوں نے امیرقطر کو حکومت کی کارکردگی ، تجارتی ، اقتصادی پالیسیوں کے علاوہ خارجہ و داخلہ پالیسی اور خطے مین امن کے قیام کیلئے سفاتی کوششوںسے بھی آگاہ کیا ۔وزیر اعظم کا کہنا تھا ان کی حکومت ملک کو معاشی اقتصادی بحران سے نکالنے کیلئے موثر پالیسیوں پر کام کر رہی ہے جس کے مثبت نتائج برآمد ہونا شروع ہوگئے ہیں۔ امیر قطر نے حکومتی اقدامات کو سراہا اور خطے میں امن کیلئے پاکستان کی کوششوں کی تعریف کی اور پاکستان کیساتھ مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔نجی ٹی وی کے مطابق ملاقات کے بعد جاری اعلامیہ کے مطابق دونوں ملکوں کے درمیان دوطرفہ تجارت بڑھانے پر اتفاق ہوا۔دونوں ممالک نے تیل و گیس کی تلاش اورپیداواربڑھانے پر بھی اتفاق کیا۔ایل این جی،ایل پی جی سمیت توانائی کے شعبے میں تعاون بڑھانے ،زراعت،سیاحت اورصنعتی شعبے میں سرمایہ کاری کو فروغ دینے کا فیصلہ کیاگیا۔قطرمیں پاکستانی کارکنوں اورملازمین کی تعدادمیں اضافے پربھی اتفاق کیاگیا۔دونوں ممالک ایوی ایشن،بحری معاملات،دفاعی شعبوں میں تعاون بڑھائیں گے ۔اعلی تعلیم،فودانڈسٹری،دفاعی پیداواربڑھانے میں بھی تعاون پر اتفاق کیاگیا۔فریقین میں وفود کی سطح پر بھی مذا کرات ہوئے اور کثیرالجہت شعبوں میں دو طرفہ تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفود کی سطح پر مذاکرات میں وزیر اعظم عمران خان نے پاکستانی وفد جبکہ امیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی نے قطری وفد کی قیادت کی ۔اس موقع پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر توانائی عمر ایوب، وزیر ہوا بازی غلام سرور خان، وزیر بحری امور علی زیدی، وزیر اعظم کی معاون خصوسی اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان، وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے سمندر پار پاکستانیز ذوالفقار بخاری، مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ اور مشیر تجارت عبدالرزاق دائو بھی موجود تھے ۔ وزیر اعظم عمران خان نے امیر قطر اور ان کے وفد کے اعزاز میں ضیافت کابھی اہتمام کیا۔ ضیافت کی تقریب میں وفاقی کابینہ کے اراکین، چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی، سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان اور نیول چیف ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے بھی شرکت کی۔قبل ازیں امیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی دوروزہ دورے پر پاکستان پہنچے تو وزیر اعظم عمران خان نے نور خان ائیربیس پر ان کا استقبال کیا ۔ اس موقع پر معزز مہمان کو 21توپو ں کی سلامی دی گئی اورپھول پیش کئے گئے ۔ وزیراعظم عمران خان نے امیرقطرکی گاڑی خود ڈرائیو کی اورایئربیس سے وزیراعظم ہائوس لے کر آئے ۔وزیر اعظم ہائوس آمد پرامیر قطر کو گارڈآف آنرپیش کیاگیا۔پاک فضائیہ کے جے ایف 17 تھنڈر طیاروں نے امیر قطر کو سلامی پیش کی۔ وزیراعظم عمران خان نے امیرقطرکاوفاقی کابینہ کے ارکان سے تعارف کرایا۔امیر قطر نے وفاقی کابینہ کے ارکان سے فردافردامصافحہ کیا۔امیر قطر نے وزیراعظم ہائوس میں پودابھی لگایا۔تقریب کے آغاز میں دونوں ممالک کے قومی ترانے بھی پیش کئے گئے ۔