لاہور،راولپنڈی،ملتان،پشاور(جنرل رپورٹر،نامہ نگار خصوصی،سپیشل رپورٹر،خبرنگار) ڈینگی کے وار بدستور جاری ہیں جن کے نتیجہ میں ایک اور جان چلی گئی جبکہ مزیدسینکڑوں افراد مرض کا شکار بن گئے ۔گزشتہ روز ڈینگی کا شکار 14سالہ طیبہ دختر پرویز ساکن کورال اسلام آباد نے ہولی فیملی ہسپتال میں دوران علاج دم توڑدیا۔پنجاب میں 24 گھنٹوں میں مزید 57افراد ڈینگی بخار میں مبتلا ہوگئے ۔ راولپنڈی سے 45،لاہور سے 10،اور اٹک سے 2 نئے ڈینگی کیس رپورٹ ہوئے ۔گزشتہ روز صوبہ بھر میں ڈینگی لاروا کی موجودگی پر 11کمرشل مقامات کیخلاف مقدمات درج کئے گئے اور 6افراد کوگرفتار کرلیا گیا جبکہ 184کو وارننگ دی گئی اور 11 مقامات سیل کئے گئے ۔ نشتر ہسپتال ملتان میں گزشتہ روزڈینگی کے ایک مشتبہ مریض کو منتقل کیا گیا جس کی رپورٹ کا انتظار ہے ۔ادھر خیبرپختونخوا میں بھی مزید درجنوں افراد ڈینگی کے مرض میں مبتلا ہوگئے ۔