فیصل آباد سے روزنامہ 92نیوز کی رپورٹ کے مطابق پاکستان نے افریقی ملکوں کی منڈیوں تک رسائی کے لئے ’’لک افریقہ‘‘ منصوبہ کے تحت ایتھوپیا کے دارالحکومت عدیس ابابا میںٹریڈ اینڈ انوسٹمنٹ سیکشن قائم کر دیا ہے۔ ایتھوپیا سے تجارت بڑھانے کے لئے ابتدائی طور پر ادویات اور سرجیکل آلات بھجوائے جائیں گے۔ اس میں شبہ نہیں کہ امریکہ،مغربی ملکوں اور وسط ایشیائی ریاستوں کی طرح افریقی ملکوں میں بھی پاکستان کے لئے تجارت کو وسعت دینے کے امکانات موجود ہیں۔ ماضی کی حکومتوں نے تجارت اور سرمایہ کاری کے لئے پس ماندہ اور ترقی پذیر افریقی ملکوں کو کبھی قابل اعتنا نہیں سمجھا جس کی وجہ سے ان ملکوں کے ساتھ نہ صرف ہماری تجارت انتہائی محدود رہی بلکہ ان سے سیاسی و سفارتی تعلقات مضبوط بنانے کے کئی مواقع ضائع ہو گئے۔ دنیا بھر کی منڈیوں میں پاکستا ن کی تجارتی و صنعتی اشیاء کی بہت مانگ ہے، ضرورت اس امر کی ہے کہ مغرب کے ترقی یافتہ ممالک کے ساتھ ساتھ افریقہ کے پس ماندہ اور ترقی پذیر ملکوں کے ساتھ بھی تجارتی روابطہ کو فروغ دیا جائے اس سے نہ صرف ہمیں ان کی منڈیوں تے رسائی ہوگی بلکہ ان ملکوں سے قومی و عالمی امور پر پاکستانی مؤقف پرسیاسی و سفارتی حمایت بھی حاصل ہو سکے گی۔ ایتھوپیا میں تجارت و سرمایہ کاری کے شعبوں میں ہونے والا معاہدہ افریقی ملکوں کے ساتھ ہمارے تعلقات کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے لہٰذا اس معاہدے کو روبہ عمل لانے کے لئے جلد اقدامات کئے جانے چاہئیں تاکہ ان ملکوں کے ساتھ تجارت جلد سے جلد شروع کی جا سکے۔