ممبئی (نیٹ نیوز )بھارتی اداکارہ سونی رازدان نے افضل گورو کی پھانسی کی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے ۔ افضل گورو کو بھارتی پارلیمنٹ پر حملے کے جرم میں سات برس قبل پھانسی دی جا چکی ہے ۔ اداکارہ سونی رازدان نے بھارتی پارلیمان پر حملہ کے مبینہ قصوروار افضل گورو کی پھانسی کے معاملہ کی انکوائری کا مطالبہ کیا ہے ۔ انہوں نے اس پھانسی کو 'انصاف کا مذاق‘ قرار دیتے ہوئے کہا افضل گورو کو قربانی کا بکرا" بنایا گیا تھا۔ہدایت کار مہیش بھٹ کی اہلیہ اور اداکارہ عالیہ بھٹ کی والدہ سونی رازدان نے افضل گورو کو پھانسی دئے جانے کے حوالے سے جو ایک ٹویٹ کیا تو اُس کے بعد سوشل میڈیا سے لیکر سیاسی حلقوں تک میں زوردار بحث چھڑ گئی ہے ۔سونی رازدان نے ٹویٹ کیا یہ انصاف کا مذاق ہے ۔ اگر وہ بیگناہ تھا تو اسے موت سے کون واپس لائے گا؟ اسلئے سزائے موت کو ہلکا نہیں لیا جانا چاہیے اور اس بات کی بھی ٹھوس انکوائری ہونی چاہئے کہ افضل گورو کو قربانی کابکرا کیوں بنایا گیا۔ اس بات کی بھی جانچ ہونی چاہیے افضل جیسے لوگوں کو دہشتگرد سرگرمیاں انجام دینے کیلئے کسطرح اذیتیں دی جاتی ہیں اور مجبور کیا جاتا ہے اور بعد میں موت کی سزا دے دی جاتی ہے ۔