اسلام آباد(سپیشل رپورٹر، مانیٹرنگ ڈیسک)آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ افغانستان میں امن کا مطلب پاکستان میں امن ہے ۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے اٹلی کے سیکرٹری جنرل آف ڈیفنس لیفٹیننٹ جنرل لوسیانو پورٹولانو کی ملاقات ہوئی جس میں علاقائی سلامتی اور افغانستان کی صورتحال پر بات چیت کی گئی ۔ملاقات میں تربیت و انسداد دہشت گردی کے حوالے سے فوجی تعاون میں اضافے سے متعلق امور پر بھی بات چیت کی گئی۔آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان عالمی و علاقائی امور میں اٹلی کے کردار کو اہمیت دیتا ہے ۔آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ افغانستان میں امن کا مطلب پاکستان میں امن ہے ، افغانستان کی انسانی بنیادوں پر جلد امداد کے ادارہ جاتی میکنزم کی فوری تشکیل کی ضرورت ہے ۔آئی ایس پی آر کے مطابق اطالوی سیکرٹری جنرل آف ڈیفنس نے افواج پاکستان کے پروفیشنلزم کو سراہا۔ 8ویں قومی ورکشاپ بلوچستان کے شرکا نے جی ایچ کیو کا دورہ کیا،آئی ایس پی آرکے مطابق شرکانے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی،آرمی چیف نے شرکاسے گفتگوکرتے ہوئے کہا بلوچستان کے عوام کی سکیورٹی فورسزکی حمایت سے صوبے میں استحکام آیا،بلوچستان میں سماجی و اقتصادی ترقی کے منصوبوں میں پیشرفت ہوئی،محنت سے حاصل ہونیوالے امن کی ہرقیمت پرحفاظت کی جائیگی۔ دہشت گردی کو شکست دینے میں قوم کی قربانیوں کو یاد رکھا جاتاہے ۔ پاکستان کے امن کیلئے دشمن قوتوں کے مذموم عزائم ناکام ہونگے ۔ درپیش اندرونی و بیرونی چیلنجز جامع قومی ردعمل کاتقاضاکرتے ہیں۔ سرحدی و داخلی سلامتی قومی ترقی کیلئے بہت ضروری ہے ۔ آئی ایس پی آرکے مطابق ورکشاپ میں مختلف شعبوں سے وابستہ لوگوں ،مختلف شخصیات نے شرکت کی، ملاقات یکم سے 27 نومبر تک کوئٹہ میں منعقد ورکشاپ کا حصہ ہے ۔