اسلام آباد ( نیٹ نیوز) ایران کا کہنا ہے وہ افغانستان میں پائیدار امن کے لیے بین الافغان مذاکرات میں مدد کے لیے تیار ہے ، پاکستان میں ایرانی سفارتخانے کے جاری کردہ بیان کے مطابق ایرانی سفیر سید محمد علی حسینی کا کہنا تھا پہلے کی طرح اسلامی جمہوریہ ایران پائیدار امن کے فروغ کے لیے مطلوبہ مدد فراہم کرنے کے لیے تیار ہے اور اپنے اچھے تجربات اور سہولتیں اپنے افغان بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ شیئر کرے گا، محمد علی حسینی نے کہا طویل عرصے سے منتظر امن کے لیے بین الافغان مذاکرات پر 'مستقبل کی خبر دینے والے ' ثابت ہوسکتے ہیں، اس موقع سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھانے کے لیے افغانستان میں ہر طرح کی بیرونی مداخلتوں کا خاتمہ ہونا چاہیے اور افغانوں کو آزادانہ طور پر اپنے مقدر کا فیصلہ کرنے کی اجازت ہونی چاہیے ۔ غیر ملکی افواج کا انخلا، مذاکرات کرنے والی جماعتوں کے درمیان باہمی اعتماد کا قیام اور سیاسی حل پر توجہ مرکوز کرنا، مذاکرات کے لیے ایک پُر امید نقطہ نظر فراہم کرسکتا ہے ۔