اسلام آباد(سپیشل رپورٹر،اے پی پی)وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان خطے میں قیام امن کیلئے کی جانیوالی کاوشوں میں شراکت دار ہے ، جرمنی کیساتھ پاکستان کی دو طرفہ تجارت کے حجم میں اضافے کے امکانات موجود ہیں۔جمعرات کو جرمن ہم منصب ہائیکو ماس سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ جرمنی کے وزیر خارجہ کیساتھ بہت اچھی نشست رہی۔قبل ازیں جرمن وزیرخارجہ ہائیکوماس وزارت خارجہ پہنچے تو وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے انکا پرتپاک استقبال کیا۔ملاقات میں کورونا وبائی چیلنج، دو طرفہ تعلقات، خطے کی صورتحال ،افغان امن عمل سمیت باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تبادلہ خیال ہوا۔انہوں نے کہا کہ جرمن وزیر خارجہ نے آگے کابل جانا ہے ۔انہوں نے ضروری سمجھا کہ پہلے پاکستان کے نکتہ نظر سے آگاہی حاصل کی جائے ۔ 11 ستمبر سے پہلے افغانستان سے افواج کے انخلا کو مکمل کرنے کے اعلان اور امن و امان کی صورتحال پر تبادلہ خیال ہوا،ہم نے پاکستان کا نکتہ نظر جرمن وزیر خارجہ کے سامنے رکھا اورکہا کہ ہماری یہی خواہش ہے کہ افغان آپس میں مل بیٹھ کرمعاملات طے کریں۔وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان چاہتا ہے کہ افغانستان میں امن و استحکام ہو اور اسکے نتیجے میں علاقائی روابط میں اضافہ ہو۔ہمارے ہاں سرمایہ کاری ہو اور روزگار کے مواقع پیدا ہوں اور خطے کو مجموعی طور پر فائدہ ہو۔پاکستان، افغان امن عمل سمیت خطے میں قیام امن کیلئے اپنی مصالحانہ کاوشیں جاری رکھے گا۔ دریں اثناوزیر خارجہ سے پاکستان میں تعینات ہنگری کے سفیر بیلا فزیکاس نے ملاقات کی۔ملاقات میں دو طرفہ تعلقات،مختلف شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر ہنگری کے وزیر خارجہ کے دورہ پاکستان کے انتظامات کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال ہوا۔وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان ہنگری کیساتھ اپنے تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے ۔ہنگری کے سفیرنے پاکستان اور ہنگری کے مابین دو طرفہ تجارتی و اقتصادی تعلقات کے فروغ کیلئے اپنے ہرممکن تعاون کا یقین دلایا۔