کابل،دوحہ(اے ایف پی،نیٹ نیوز،آن لائن )افغانستان کے صدر اشرف غنی نے امن عمل کو آگے بڑھانے کی کوششوں کے سلسلے میں نئے انتخابات کروانے کی پیشکش کردی۔کابل میں پارلیمانی سیشن کے افتتاح پر خطاب کرتے ہوئے افغان صدر نے کہا کہ انتخابات کے ذریعے انتقالِ اقتدار ہی واحد راستہ ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ کسی بھی نئی حکومت کو جمہوری عمل کے ذریعے آنا چاہئے ۔انہوں نے کہا کہ وہ بین الاقوامی برادری کے زیرِ اہتمام منصفانہ اور شفاف انتخابات کے انعقاد پر بات کرنے کیلئے تیار ہیں۔دریں اثناامریکہ کے خصوصی نمائندے زلمے خلیل زاد نے دوحہ میں طالبان رہنمائوں سے ملاقات کی اور انٹرا افغان مذاکرات پر تبادلہ خیال کیا۔طالبان کے ترجمان محمد نعیم نے ٹویٹ کیا ہے کہ خلیل زاد اور افغانستان میں اعلیٰ امریکی جنرل نے ملا عبد الغنی برادر سمیت دوحہ میں طالبان کی مذاکراتی ٹیم سے ملاقات کی۔انہوں نے کہا کہ دونوں فریقوں نے دوحہ معاہدے سے اپنی وابستگی کا اظہار کیا اور اس کے مکمل نفاذ پر تبادلہ خیال کیا۔دوسری طرف افغانستان کے جنوبی ہلمند اور مشرقی ننگرہار صوبوں میں مختلف بم دھماکوں میں افغان خفیہ ایجنسی کے پراسیکیوٹر محمود سعادت سمیت 4 افراد جاں بحق اور 8زخمی ہوگئے ۔