اسلام آباد(سپیشل رپورٹر)وزیر اعظم عمران خان کی دعوت پر افغان صدراشرف غنی 2روزہ دورے پر آج اسلام آباد پہنچیں گے ۔دفتر خارجہ کے مطابق افغان صدر کے ساتھ اعلیٰ سطح کا وفد بھی آئیگا جس میںوزرائ، بزنس مین، مشیر اور سینئر حکام شامل ہونگے ۔ اشرف غنی وزیر اعظم صدر اور دیگر حکام سے ملاقاتیںکرینگے اور تھنک ٹینک سے خطاب کرینگے ۔ لاہور(قاضی ندیم اقبال )حکومت پنجاب نے افغان صدر کے ایک روزہ دورہ لاہور کے حوالے سے انتظامات کو حتمی شکل دے دی ۔افغان صدر اور ان کے وفد کے ارکان جمعۃ المبارک کو شاہی قلعہ، بادشاہی مسجد کا دورہ کرنے کے علاوہ گورنر پنجاب کی جانب سے دئیے جانے والے ظہرانہ میں بھی شریک ہوں گے ۔ ذرائع کے مطابق افغان صدر اشرف غنی کے دورہ لاہور کے حوالے سے اہم اجلاس چیف سیکرٹری پنجاب کی زیر صدارت ہوا۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ افغان صدر اشرف غنی اور ان کے وفد کے ارکان خصوصی طیارے کے ذریعے کل صبح علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیر پورٹ پہنچیں گے جہاں وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار، کابینہ کے ارکان، چیف سیکرٹری پنجاب، آئی جی پنجاب و دیگر اہم انتظامی افسران ان کا استقبال کریں گے ۔ گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے افغان صدر کی آمد کے موقع پر پر تکلف ظہرانہ کا اہتمام کیا ہے جس میں معروف صنعتکاروں اور بزنس کمیونٹی سے وابستہ اہم شخصیات کو بھی مدعو کیا گیا ہے ۔ افغان صدر ظہرانہ میں شرکت کے علاوہ بزنس مینوں کے وفود کے ساتھ بھی تبادلہ خیال کریں گے جس میں دونوں ممالک کے مابین تجارت کے فروغ کی بابت معاملات بھی زیر بحث آ ئیں گے ۔ذرائع کے مطابق افغان صدر اور ان کے وفد کے ارکان شاہی قلعہ کی سیر کے علاوہ شاعر مشرق علامہ محمد اقبال ؒ کے مزار پر حاضری دیں گے ۔