اسلام آباد؍ راولپنڈی(خصوصی نیوز رپورٹر؍ مانیٹرنگ ڈیسک) افغانستان سے دہشت گردوں کی فائرنگ سے پاک فوج کے دوجوان شہید ہوگئے ۔ ا ٓئی ایس پی آرکے مطابق افغانستان سے ہونے والی دہشت گردی کا پاک فوج نے بھرپور جواب دیا جس کے نتیجے میں 3 دہشت گرد ہلاک اور 4 زخمی ہوگئے ۔ افغان سرزمین سے فائرنگ کرنے والے دہشت گردوں نے افغان بارڈر پر باجوڑ میں فوجی چوکی کو نشانہ بنایا جس کا پاک فوج کے جوانوں نے بھرپور جواب دیا۔ شہید ہونے والے جوانوں میں مردان کے 28 سالہ سپاہی جمال اورچترال کے 21سالہ سپاہی ایاز شامل ہیں۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ پاکستان افغان سرزمین کودہشت گرد کارروائیوں کے لئے استعمال کئے جانے کی مذمت کرتا ہے ،پاکستان توقع رکھتا ہے کہ افغان سرزمین سے آئندہ اس قسم کی دہشت گردی کی کارروائیاں نہیں ہوں گی۔وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے حملے کی مذمت کی ہے اور وطن عزیز کی خاطر جان قربان کرنے والے پاک فوج کے جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا ہے ۔وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے بھی افغانستان سے دہشتگردوں کے پاک فوج کی چوکی پر حملے کی شدید مذمت کی ہے ۔ اپنے بیان میں فرخ حبیب نے کہا کہ مادروطن کی حفاظت میں جانیں قربان کرنے والوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔