کابل(92نیوز رپورٹ،اے ایف پی ،نیٹ نیوز) افغانستان میں ایک اور ڈرون حملے میں 8بچوں سمیت 11شہری ہلاک ہوگئے ۔ ہرات میں حملہ کیا گیا جس میں 8بچے بھی جاں بحق ہو گئے ،و رثا نے گورنر ہائوس کے باہر احتجاج کیا جبکہ طالبان نے ہرات میں ضلعی عدالت کا جج فائرنگ سے ہلاک کردیا ،ترجمان صدر کا کہنا ہے کہ معاہدے سے تشدد کم ہوگا۔ اے ایف پی کے مطابق اشرف غنی دوبارہ صدر منتخب ہوگئے ہیں 5ماہ بعد ان کی صدارتی الیکشن میں کامیابی کا باضابطہ اعلان کردیا گیا ،عبداللہ عبداللہ اور طالبان نے نتائج تسلیم کرنے سے انکار کردیا۔ افغان انڈیپینڈنٹ الیکشن کمیشن نے میڈیا کو بتایا کہ نو منتخب صدر کو 50.6 فیصد،9 لاکھ23ہزار 592 ووٹ ملے جب کہ حریف امیدوار عبد اللہ عبداللہ کو 39.52 فیصد 7لاکھ 20ہزار 841 ووٹ ہی حاصل کرسکے ۔دریں اثنا نیٹ نیوز کے مطابق صوبے ہیرات کے نواحی علاقے کشک کوہنا میں ہوا جہاں پر ایک ڈرون حملے کے دوران گیارہ شہری ہلاک ہوگئے ،ورثا نے حکومت کیخلاف نعرے لگائے۔ افغانستان کے نگران وزیر داخلہ مسعود اندرابی کا کہنا ہے کہ افغان طالبان اور امریکا کے درمیان تشدد میں کمی کا معاہدہ پانچ روز بعد نافذ ہو جائے گا۔ادھر افغان صدارتی ترجمان صادق صدیقی کاکہنا ہے کہ امریکا طالبان معاہدے کی ہر شق مشروط ہے ۔