اسلام آباد (وقائع نگار،92نیوزرپورٹ) پاکستان نے افغان شہریوں کی واپسی کیلئے طورخم اورچمن بارڈر4دن کیلئے کھولنے کا فیصلہ کرلیا ، دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان افغانستان کے عوام سے اظہار یکجہتی کرتا ہے ۔ دفتر خارجہ کی ترجمان ڈاکٹر عائشہ فاروقی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان نے طورخم اورچمن بارڈر 6سے 9 اپریل تک کھولنے کا فیصلہ کیا ہے ، پاکستان میں موجود افغان شہریوں کی واپسی کیلئے بارڈر کھلے گا۔ ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ افغان حکومت کی خصوصی درخواست پرچمن اور انسانی ہمدردی کے تحت طورخم بارڈر کھولنے کا فیصلہ کیا، پاکستان افغانستان کے عوام سے اظہاریکجہتی کرتا ہے ۔ 20 مارچ کو وزیر اعظم عمران خان نے چمن بارڈر فوری کھولنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا تھا کہ کورونا جیسی عالمی وبا پھوٹنے کے باوجود ہم اپنے افغان بھائی بہنوں کی مدد کیلئے پوری طرح یک سو اور پُر عزم ہیں۔