واشنگٹن ،کابل(اے ایف پی ،مانیٹرنگ ڈیسک ،این این آئی)امریکہ،طالبان میں امن معاہدہ پر عملدرآمد شروع ہو گیا 29فروری کو دستخط ہونگے ،روس نے بھی خیر مقدم کیا ہے ۔پاکستان کی کوششیں رنگ لے آئیں، امریکہ اور افغان طالبان میں بڑا بریک تھرو ہوا ہے ،امریکی وزیر خارجہ نے بھی کہا ہے کہ جنگجوئوں کے ساتھ افغانستان بھر میں تشدد کے واقعات میں کمی پر اتفاق ہوگیا ہے ،ترجمان افغان سلامتی کونسل نے کہا ہے کہ ایک ہفتے تک طالبان، حکومتی فورسز اور امریکہ کی جانب سے تشدد کے واقعات میں کمی لائی جائیگی،کابل میں روسی سفیر ضمیر کابلوف نے کہا ہے کہ معاہدہ افغانستان میں امن کیلئے انتہائی اہم قدم ہے امید ہے معاہدے کی راہ میں رکاوٹ نہیں آئیگی۔مانیٹرنگ ڈیسک کے مطابق امریکہ نے طالبان کے ساتھ 29 فروری کو امن معاہدہ کرنے کی تیاری کرلی ہے ، افغانستان میں فریقین کے درمیان پر تشدد واقعات میں کمی لانے کے منصوبے پر چند گھنٹوں میں عمل درآمد شروع ہو گا۔امریکی وزیرخارجہ مائیک پومپیو کا کہنا ہے کہ طالبان کے ساتھ افغانستان بھر میں تشدد کے واقعات میں کمی پر اتفاق ہوگیا ہے ۔ اس سمجھوتے پر کامیابی سے عمل درآمد کیا گیا تو 29 فروری کو امن معاہدے پر دستخط کیے جائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ امریکہ طالبان معاہدے کے بعد افغان دھڑوں میں مذاکرات کا سلسلہ شروع ہوگا۔