لاہور(جنرل رپورٹر)معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ حکومت ڈاکٹرز اور طبی عملے کو ایک ماہ کی اضافی تنخواہ دیگی۔ جناح ہسپتال کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگومیں فردوس عاشق کا کہنا تھا کہ جلد کورونا کو شکست دینگے ،متاثرہ افراد کا علاج کرنیوالے طبی عملے کو خراج تحسین پیش کرتی ہوں، حکومت نے ڈاکٹرز کو ایک ماہ کی اضافی تنخوا ہ دینے کا فیصلہ کیا ہے ۔ کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں ڈاکٹرز اور پولیس صف اول میں کھڑے ہیں۔معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ کورونا نے ترقی یافتہ ملکوں کو بھی مشکل میں ڈال دیا ہے اور پاکستان جیسے ترقی پذیر ملکوں کو بڑے چیلنجز کا سامنا ہے ، ہمارا مقابلہ کورونا کے ساتھ بھوک سے بھی ہے ۔اس موقع پر ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے اپ گریڈ کی گئی بائیو سیفٹی لیب تھری کا دورہ کیا ۔معاون خصوصی نے آئسولیشن وارڈ میں زیرعلاج 18 مریضوں کی دیکھ بھال کا بھی جائزہ لیا۔دریں اثنا نجی ٹی وی سے گفتگو میں فردوس عاشق نے کوروناوائرس سے پیدا ہونیوالے بحران پرسیاست کرنے پراپوزیشن جماعتوں پر سخت نکتہ چینی کی ۔ انہوں نے اس بات کی تردیدکی کہ نادراصوبائی حکومتوں سے تعاون نہیں کررہا۔انہوں نے کہاکہ یومیہ اجرت پرکام کرنے والے محنت کشوں اورکم آمدنی والے افرادکے خاندانوں کا اندراج کیاجائے گا اوراحساس پروگرام کے ذریعے انہیں مالی معاونت فراہم کی جائے گی۔