کراچی/اسلام آباد/لاہور(لاہور(خصوصی نمائندہ ، نیوز ایجنسیاں )سینئر صحافی رحمت علی رازی کی نماز جنازہ آج ڈیڑھ بجے دوپہر ان کی رہائش گاہ کے قریب واقع آر بلاک ٹاؤن میں ادا کی جائے گی ،دریں اثنا ء صدر ڈاکٹر عارف علوی ،وزیر اعظم عمران خان،شہباز شریف،بلاول بھٹو زرداری،فردوس عاشق اعوان،چودھری شجاعت حسین، سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی اور مونس الٰہی ایم این اے ،عمر سرفراز چیمہ و دیگر نے سینئر صحافی رحمت علی رازی کی وفات پر گہرے رنج اور افسوس کا اظہار صحافت کے شعبے میں رحمت علی رازی کی گراں قدر خدمات کو تادیر یاد رکھا جائے وزیراعظم عمران خان نے بیان میں مرحوم کے درجات کی بلندی اور پسماندگان کے لئے صبر جمیل کی دعا کی ۔ وزیر اعظم نے کہاکہ صحافت کے شعبے میں رحمت علی رازی کی گراں قدر خدمات کو تادیر یاد رکھا جائے گا۔ادھر سی پی این ای کے صدر عارف نظامی، سینئر نائب صدر امتنان شاہد اور سیکریٹری ڈاکٹر جبار خٹک نے اپنے مشترکہ تعزیتی بیان میں کہا ہے کہ رحمت علی رازی کے انتقال کی خبر سے پاکستان کے صحافتی حلقوں کو شدید رنج اور دکھ ہواہے ،ان کی صحافتی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ تحقیقاتی صحافت اور کالم نویسی کے میدان میں عالمی شہرت یافتہ اور ایک منفرد پہچان کے حامل تھے ، انہوں نے میڈیا کی آزادی اور صحافت کے لئے گراں قدر خدمات انجام دیں۔ طویل صحافتی خدمات کے اعتراف میں انہیں صدارتی تمغہ برائے ’’حسن کارکردگی‘‘بھی دیا گیا۔