فیصل آباد(وقائع نگارخصوصی) اقتدار جاتے ہی سابق وزیر مملکت عابد شیر علی کے سینکڑوں درباری بھی ان کا ساتھ چھوڑ گئے ۔ این اے 108 میں انتخابی شکست عابد شیر علی کو لاہور ہائی کورٹ کی سیڑھیوں پر لے آئی، ایلیٹ فورس کے اہلکاروں اور فیسکو کے سکیورٹی گارڈز کے جھرمٹ میں پھرنے والے عابد شیر علی اب اپنے ایک ساتھی کے ہمراہ سیڑھیوں پر بیٹھے ہیں۔ ان کی یہ تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی ہے جن میں وہ ایک معمول کے شہری کی طرح بے یارو مددگار بیٹھے ہیں۔ مسلم لیگ (ن) کی حکومت وزارت کے مزے لوٹنے اور سرکاری اخراجات پر درجن بھر سکیورٹی اہلکاروں کے ساتھ گھومنے والے عابد شیر علی کے پاس کبھی وقت ہی نہیں ہوتا تھا اور ان کے آگے پیچھے ہر وقت سینکڑوں درباری ساتھ رہتے تھے ۔ اب اقتدار کیا گیا کہ انہیں سب چھوڑ گئے ہیں۔ وہ این اے 108 میں اپنی شکست پر ایک بار پھر گنتی کی درخواست لے کر لاہور ہائی کورٹ گئے تھے ۔