ملتان( سپیشل رپورٹر)وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے اقتدار کی کرسی پرڈٹے رہنا ہماری منزل نہیں بلکہ ملک میں حقیقی تبدیلی لانا چاہتے ہیں، قوم نے ہمیں تبدیلی لانے کیلئے بھر پور مینڈیٹ دیا ہے ،حکومت اپنی مدت پوری کرے گی، ملکی معیشت گرفت میں آگئی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز یونین کونسل 63سیتل ماڑی ، یوسی 42،یوسی 19میں مختلف استقبالیہ تقاریب سے خطاب اور وفود سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا سی پیک خطے میں تبدیلی کا استعارہ ہے ، بیلٹ اینڈ روڈ منصوبے کے ذریعے ڈیجیٹل رابطوں، سیاحت، ثقافتی روابط اور پائیدار ترقی جیسے ثمرات حاصل ہونگے ، ان منصوبوں کی تکمیل سے رکاوٹیں ختم ہونگی، عوام قریب آئیں گے ۔انہوں نے کہا ہم سی پیک کے دوسرے مرحلے میں داخل ہو رہے ہیں، منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنانے کیلئے ’’سی پیک اتھارٹی‘‘ قائم کر دی گئی۔انہوں نے کہا ملتان کی مٹی سے پیار ہے ، یہاں کے عوام کی محبتیں قرض ہیں اور اب قرض کو اتارنے کا وقت آگیا ہے ، الیکشن کے دوران کئے گئے وعدوں کی تکمیل کا وقت آگیا ہے ، ملتان کی ترقی کیلئے ماسٹر پلان تیار ہو رہاہے اور جلد وزیراعلیٰ پنجاب کی منظوری کے بعد ملتان شہر کیلئے ایک بہت بڑے ترقیاتی منصوبے کا اعلان کیا جائے گا، اس خطے کی محرومیاں دور کریں گے ۔ قبل ازیں شاہ محمود قریشی نے سابق کونسلر طاہر چودھری کے بھائی کی وفات پر فاتحہ خوانی کی۔ پی ٹی آئی ورکر عبدالستار کی والدہ کی فاتحہ خوانی میں شرکت کی ۔ چودھری یونس کی اہلیہ کی فاتحہ خوانی میں شرکت کی۔ سابق کونسلر اللہ رکھا ڈوگر کے بھائی کی فاتحہ میں شرکت کی ۔ پی ٹی آئی رہنما رانا رفاقت کی رہائش گاہ پر استقبالیہ میں شرکت کی۔