واشنگٹن ( این این آئی) امریکی رکنِ اسمبلی شیلا جیکسن نے ٹرمپ انتظامیہ پر زور دیا ہے کہ حالیہ اقتصادی بحران سے نمٹنے کے لیے پاکستان کی مدد کی جائے ۔پاکستان امریکی پولیٹکل ایکشن کمیٹی (پی اے کے پی اے سی) کی سالانہ دعوت افطار کے موقع پر امریکی رکنِ اسمبلی نے ٹرمپ حکومت کو ایران سے جنگ نہ کرنے کی بھی تجویز دی کیوں کہ اس سے خطہ عدم استحکام کا شکار ہوجائے گا۔ پاکستانی کاکس کی بانی چیئرپرسن شیلا جیکسن نے امر یکہ اور پاکستان کے باہمی تعلقات کی تجدید کی ضرورت پر روشنی ڈالتے ہوئے پاکستان کو موجودہ معاشی بحران سے نمٹنے کے لیے مدد فراہم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ان کا کہنا تھا کہ ہمیں وہ سب کرنا چاہیے جو اس بات کو یقینی بنانے کے لیے کر سکتے ہیں کہ پاکستانی عوام کی زندگیوں میں بہتری آرہی ہے ۔دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے کردار کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے اس بات کا اعتراف کیا کہ اس جنگ میں پاکستانی عوام بالخصوص مسلح افواج کی قربانیاں شامل ہیں۔ پاکستانی کاکس کے شریک ریپبلکن چیئرپرسن جم بینکس کا کہنا تھا کہ ’میرے لیے یہ (پاک امریکہ تعلقات) اہمیت کے حامل ہیں کیوں کہ آپ (پاکستانی نژاد امریکی برادری) نے یہاں اہم کردار ادا کیا ہے ۔ ڈیموکریٹ رکنِ کانگریس ایلیسا سلوٹکن نے پاکستانی نژاد امریکی برادری پر زور دیا کہ امریکی سیاست میں بھرپور طریقے سے حصہ لیں۔ان مزید کہنا تھا کہ وہ کانگریس میں 50 ووٹ حاصل کر کے منتخب ہوئیں اور یہ ان کے حلقے میں موجود پاکستانی امریکیوں کی حمایت کے بغیر نہیں ہوسکتا تھا۔ سابق امریکی جنرل جیک برگمین نے ٹرمپ حکومت کو مشورہ دیا کہ ایران کے ساتھ تنازعات میں اپنی طاقت دکھانے کے بجائے اس کا پر امن حل نکالا جائے ۔ مسلمان خاتون رکنِ کانگریس رشیدہ طالب نے کہا کہ خوف پھیلانے کے لیے مسلمانوں کو ناحق نشانہ بنایا جاتا ہے جو کہ نفرت کا ایجنڈا ہے ۔