نیو یارک(شوبز ڈیسک) بچوں میں غذائی قلت سے جسمانی نشوونما پر مرتب ہونے والے اثرات کے موضوع پر بننے والی پاکستانی فلم تلاش کی نیویارک میں اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹرز میں خصوصی سکریننگ ہوئی ہے ۔اس طرح یہ پہلی پاکستانی فلم بن گئی ہے جس کی اسکریننگ اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹرز میں منگل کی شام کو ہوئی۔اس سکریننگ کا انعقاد بچوں کے حقوق پر اقوام متحدہ کے معاہدے کو 30 سال مکمل ہونے کے موقع پر کیا گیا۔اس فلم کی ہدایات ذیشان خان نے دیں جو اقوام متحدہ میں اسکریننگ کے موقع پر موجود تھے جبکہ اس کی کہانی 3 ایسے میڈیکل طالبعلموں کے گرد گھومتی ہے جن کو صوبہ سندھ کے ضلع تھرپارکر کے ایک گائوں میں طبی کیمپ لگانے کے لیے بھیجا جاتا ہے ، جہاں انہیں مقامی وڈیروں کی جانب سے متعدد چیلنجز کا سامنا ہوتا ہے۔