اسلام آباد (خصوصی نیوز رپورٹر ،اے پی پی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے 14 اگست 1947 ہماری تاریخ کا اہم ترین دن ہے جب پاکستان ایک آزاد اسلامی مملکت کی صورت میں دنیا کے نقشے پر ابھرا۔ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں ہم ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کیلئے بھرپور عزم کیساتھ کوشاں ہیں تاکہ آزادی کے وہ اغراض و مقاصد حاصل کر سکیں جس کا ہمارے اکابرین نے خواب دیکھا تھا، اس دن کو مناتے ہوئے پوری قوم بھارتی مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی محاصرے ، لاک ڈائون اور ظلم و بربریت کا نشانہ بن کر زندگی گزارنے والے کشمیری بہن بھائیوں کی مشکلات پر بھی افسردہ ہے ، غیر ملکی میڈیا کے ذریعے اقوام عالم پر زور دیتا ہوں کہ وہ مسئلہ کشمیر اجاگر کرنے میں ہمارا ساتھ دیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزارت اطلاعات و نشریات کے ذیلی ادارے ایکسٹرنل پبلسٹی ونگ کے زیر اہتمام غیر ملکی میڈیا کے نمائندوں کیساتھ ایک نشست اور جشن آزادی کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سینیٹر شبلی فراز نے کہا یہ امر بھی باعث اطمینان ہے کہ مختلف مراحل اور حالات و واقعات سے گزرتے ہوئے پاکستان اپنی آزادی کے مقاصد کی تکمیل اور جمہوری استحکام کی شاہراہ پر گامزن ہے ۔ہماری حکومت بھرپور اور موثر انداز میں قومی معیشت کو میکرو اور مائیکرو سطح پر مستحکم بنانے پر توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے تاکہ انتہائی پائیدار اور تیز تر اقتصادی ترقی کا حصول ممکن ہو سکے ۔ وفاقی وزیر نے ملک اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو یوم آزادی کی مبارکباد پیش کی اور اس پُرمسرت تقریب میں شرکت کرنے والوں کا شکریہ ادا کیا۔وفاقی سیکرٹری اطلاعات و نشریات اکبر حسین درانی نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔ اختتام پر وفاقی وزیر کیساتھ انہوں نے یوم آزادی کی مناسبت سے خصوصی طور پر تیار کیا گیا کیک بھی کاٹا۔وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز نے نوجوانوں کے عالمی دن کے حوالے سے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ نوجوان ہمارے روشن مستقبل کے معمار ہیں۔حکومت وزیراعظم کے کامیاب جوان پروگرام کے تحت انہیں دور حاضرکے تمام مواقع فراہم کرنے کیلئے کوشاں ہے تاکہ وہ کارآمد شہری بن کر ملکی ترقی کی راہ استوار کرسکیں۔