نیویارک(صباح نیوز) اقوام متحدہ نے ایسی59غیر ملکی کمپنیوں پر پابندیاں عائد کرنے کا مطالبہ کیا ہے جو میانمار فوج کے ساتھ کسی بھی کاروباری شراکت سے منسلک رہی ہوں۔ میانمار میں روہنگیا مسلمانوں کی نسل کشی اور قتل عام کی تحقیقات کرنے والے اقوام متحدہ کے تفتیش کاروں نے اپنی رپورٹ میں میانمار کی ان کمپنیوں پر بھی مالی پابندیاں عائد کرنے کی سفارش کی ہے جو میانمار فوج کے ساتھ وابستہ ہیں۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ میانمار میں فوجی آپریشن روہنگیا مسلمانوں کی نسل کشی کی نیت سے کیا گیا ۔ 59غیرملکی کمپنیاں میانمار آرمی کے ساتھ مل کر مختلف اقسام کے کاروبار کر رہی ہیں۔ یہ کمپنیاں فرانس،بیلجیئم،سوئٹزرلینڈ، ہانگ کانگ اور چین کی ہیں جب کہ14ایسی کمپنیوں کا بھی پتہ لگایا گیا ہے جو میانمار کو اسلحہ اور جنگی ساز و سامان فروخت کرتی ہیں۔