اسلام آباد ، راولپنڈی،برسلز(سپیشل رپورٹر، 92نیوزرپورٹ،این این آئی، مانیٹرنگ ڈیسک) اقوام متحدہ نے پیس کیپنگ ڈے کے موقع پر پاکستانی جانباز سپاہی عامر اسلم کی خدمات کا اعتراف کرلیا ۔ کانگو میں جام شہادت نوش کرنے والے پاکستانی سپاہی عامر اسلم کو ڈگ ہیمر سکوڈ ایوارڈ سے نوازا جائیگا۔ اقوام متحدہ امن مشنز میں پاک فوج کی بے مثال خدمات کے اعتراف میں اقوام متحدہ ہیڈ کوارٹرز میں خصوصی تقریب ہوئی جس میں سپاہی عامر اسلم کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ڈگ ہیمر سکوڈ ایوارڈ سے نوازنے کا اعلان کیا گیا۔عامر اسلم کا تعلق کوٹلی آزاد جموں و کشمیر سے ہے ،امن مشن میں پاکستان کے سپاہی نے ایوارڈ نام کرکے ملک کا نام روشن کر دیا۔دریں اثناترجمان پاک فوج کے مطابق اقوام متحدہ ہیڈ کوارٹرز میں تقریب میں یورپی یونین نے پاک فوج کی خدمات کا بھرپور اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان امن مشنز میں سب سے زیادہ کردار ادا کرنے والا ملک ہے ۔امن مشنز میں پاکستانی خواتین کا کردار بھی قابل فخر ہے ۔ وزارت خارجہ کی ترجمان عائشہ فاروقی نے کہاکہ اقوام متحدہ کے ساتھ امن ، استحکام اور تعاون کے لیے بلیو ہیلمٹ کے ذریعے کام جاری رکھنے کے پختہ عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔ہم پوری دنیا کے امن کاروں کی خدمات اور قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں، پاکستان کو 6دہائیوں پر محیط اقوام متحدہ کے قیام امن میں دیرینہ شراکت پر فخر ہے ۔1960ء سے اب تک ہمارے 2 لاکھ سے زائد امن کاروں نے تقریباً تمام براعظموں میں خدمات انجام دیں،ہماری لیڈی پولیس افسر شہزادی گلفام 2011 میں بین الاقوامی خواتین پولیس پیس کیپر ایوارڈ لینے والی پہلی خاتون ہیں۔دریں اثناجرمن سفیر برنہارڈ شہلاگہک نے اپنے ٹویٹ میں کہاکہ تسلیم کرتا ہوں کہ پاکستان شورش زدہ علاقوں میں استحکام لانے کیلئے اقوام متحدہ کا سب سے بڑا حامی ہے ۔ جاپانی سفیر نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کو خط لکھا کہ اقوام متحدہ کے پیس کیپنگ ڈے کے موقع پر پاک آرمی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔تحریکِ انصاف کے سینیٹر فیصل جاوید خان کہتے ہیں کہ عالمی امن کے لیے قربانیاں پیش کرنے والے غازی اور شہدا قوم کے سر کا تاج ہیں۔