اسلام آباد، راولاکوٹ (خصوصی نیوز رپورٹر، مانیٹرنگ ڈیسک ) بھارتی فوج نے ایل اوسی پر تتہ پانی سیکٹرمیں بلااشتعال گولہ باری کرکے 2 شہری شہید کر دیئے ۔پاک فوج نے بھرپور جوابی کارروائی کرتے ہوئے 2 بھارتی فوجیوں کو مار ڈالا۔آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فورسز نے ایک بار پھر لائن آف کنٹرول پر سیزفائر کی خلاف ورزی کی۔شہری آبادی کومارٹرگولوں اوراینٹی ٹینک گائیڈڈ میزائلوں سے نشانہ بنایاگیا۔بھارتی فوج کی بلااشتعال گولہ باری سے 75 سالہ لال محمداور 61 سالہ حسن دین شہید ہوگئے ۔ دونوں شہدا کا تعلق ناگرے گائوں سے ہے ۔پاک فوج نے دشمن کو بھرپور جواب دیتے ہوئے بھارتی چوکیوں کو نشانہ بنایا۔ اطلاعات کے مطابق 2 بھارتی فوجی ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے جبکہ کئی بھارتی چیک پوسٹوں کو بھی نقصان پہنچا۔