اسلام آباد ( وقائع نگارخصوصی ) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان اور الجزائر کے درمیان دوطرفہ تجارت میں اضافہ کیلئے مؤثر اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے کیونکہ اس وقت دونوں ممالک کے درمیان تجارت کا حجم حقیقی استعداد سے کم ہے ۔ انہوں نے یہ بات الجزائر کیلئے پاکستان کے نامزد سفیر عطاء المنیم شاہد سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہی۔صدر مملکت نے نامزد سفیر پر زور دیا کہ وہ باہمی استفادہ کیلئے مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کے فروغ کیلئے کوششوں کو یقینی بنائیں اور ہدایت کی کہ وہ الجزائر کو پاکستانی افرادی قوت اور شعبوں میں مہارت، تجربہ اور مشینری کی برآمد پر اپنی توجہ دیں۔ صدر مملکت نے اس امید کا اظہار کیا کہ ان کے دورہ سفارت میں دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں نئی قوت اور توانائی پیدا ہو گی۔علاوہ ازیں صدرنے ملک کے سول ایوارڈز کیلئے نامزدگیوں کے تمام مراحل میں شفافیت کو برقراررکھنے کی ضرورت پرزوردیاہے ۔سیکرٹری کابینہ نے صدرمملکت کو سول ایوارڈز دینے کے طریقہ کار کے بارے میں پریزینٹیشن دی۔صدرمملکت کو بتایا گیا کہ سماج اورملک کیلئے اعلیٰ ترین اورلائق تحسین خدمات سرانجام دینے والے لوگوں کو سول ایوارڈز کیلئے نامزدکیا جاتاہے ۔