لاہور(کلچرل رپورٹر)ایگزیکٹوڈائریکٹر لاہور آرٹس کونسل الحمرا اعجاز احمد منہاس نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ الحمرا عشرہ رحمتہ للعالمین ﷺ کو بھرپور طریقے سے منائے گا ،اس موقع پر خطاطی کا مقابلہ بعنوا ن ’’اسم محمد ﷺ‘‘ منعقد کیا جائے گا ، خطاطی قدیم تہذبیوں کی عکاس ،تمدنی شعور کا خوبصور ت اظہار ہے الحمرا اسلامی ورثہ کو احسن انداز میں اجاگر کر رہا ہے ،مقابلہ جیتنے والوں کی بھرپور حوصلہ افزائی کی جائے گی،حضرت محمد مصطفیﷺہر مسلمان کے دل میں بستے ہیں،اسوہ حسنہ ہمارے لئے بہترین نمونہ ہے ۔ڈائریکٹر الحمرا ذوالفقار علی زلفی نے اس حوالے سے اپنے تاثرات میں کہا کہ مقابلہ کامقصد سیرت النبیﷺ کو اجاگر کرنا ہے ۔ترجمان الحمراء کے مطابق ‘مقابلہ خطاطی میں شرکت کے لئے 20برس سے زائد عمر کے آرٹسٹ اپنا کام04اکتوبر 2021 تک جمع کروا سکتے ہیں،مقابلہ میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے کو 50ہزار،دوسری کو 30ہزارجبکہ تیسری پوزیشن پر آنے والے آرٹسٹ کو20ہزار انعام دیا جائے گا۔