کراچی،اسلام آباد (کامرس رپورٹر، وقائع نگار ،92 نیوز رپورٹ، مانیٹرنگ ڈیسک ) ملکی کرنسی مارکیٹوں میں غیرملکی کرنسیوں کے مقابلے میں پاکستانی روپے کی بے قدری کا تسلسل جاری ر ہا ، بدھ کوانٹربینک مارکیٹ میں روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالرکی قیمت خرید6.50روپے اور قیمت فروخت 6.80روپے ہو گئی ،انٹربنک میں ڈالر ریکارڈ 164 روپے کا ہوگیا، اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت خریدمیں6روپے اور قیمت فروخت میں6.30روپے کا اضافہ ریکارڈ کیاگیاجبکہ بجلی اور سونے کی قیمتیں بھی بڑھ گئیں ۔ فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق انٹر بنک میں ڈالرکی قیمت خرید157.00روپے سے بڑھ کر163.50روپے اور قیمت فروخت 157.20روپے سے بڑھ کر164.00روپے ہوگئی۔اوپن کرنسی مارکیٹ میں قیمت خرید156روپے سے بڑھ کر162روپے اورقیمت فروخت156.70روپے سے بڑھ کر163روپے ہوگئی۔یوروکی قیمت میں5.50روپے جبکہ برطانوی پاؤنڈ کی قیمت خرید میں5.00روپے اورقیمت فروخت میں4.75روپے کااضافہ ریکارڈ کیاگیا۔سعودی ریال کی قیمت خریدمیں1.25روپے اور قیمت فروخت میں1.40روپے جبکہ یواے ای درہم کی قیمت خریدمیں1.30روپے اور فروخت میں1.40روپے کا اضافہ ریکارڈ کیاگیا۔چینی یوآن کی قیمت میں استحکام رہا۔ماہرین کے مطابق جون کے مہینے میں ڈالر کی قیمت میں 12روپے 8پیسوں کا اضافہ ہواجس سے بیرونی قرض کی مد میں 1200ارب روپے کا بوجھ بڑھ گیا ۔ڈالر کی قیمت میں اضافے سے درآمد کی جانے والی تمام اشیا مہنگی ہونے کی توقع ہے ۔فی تولہ سونا 500 روپے اضافے سے 81 ہزار روپے کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا جبکہ اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں گھریلو صارفین کیلئے گیس 190 فیصد تک مہنگی کردی گئی، نئی قیمتوں کا اطلاق یکم جولائی سے ہوگا، حکومت کو500 ارب سے زائدریونیوحاصل ہوگا ،دیگر تمام کیٹیگریز کیلئے گیس کی قیمتوں میں 31 فیصد سے زیادہ اضافے کی منظوری دی گئی۔ مشیر خزانہ حفیظ شیخ کی زیرصدارت اجلاس میں گیس ، بجلی کی قیمتوں میں اضافے کی منظوری دی گئی۔ سمری اب وفاقی کابینہ کو بھجوا دی گئی ،حتمی فیصلہ آج متوقع ہے ، حکومت دسمبر میں گیس کی قیمتوں کا دوبارہ جائزہ لے گی، اجلاس میں بجلی کی قیمتوں میں بھی فی یونٹ 1.5 روپے فی یونٹ اضافے کی منظوری دی گئی ۔ یاد رہے یہ اضافہ سال 2018 کی آخری دو سہ ماہی جولائی تا دسمبر کی ایڈجسٹمنٹ کیلئے کی گئی۔ اجلاس میں سعودی عرب سے ادھار تیل کے طریقہ کار کی بھی منظوری دی گئی، پیپرا رولز کا اطلاق نہیں ہوگا۔ اجلاس میں جیمز جیولری کمپنی کو ضمنی گرانٹس فراہم کرنے کی سمری منظور کرلی گئی۔ ای سی سی نے جہاز رانی کی صنعت کیلئے موجودہ ٹیکس مراعات کو 2020ئتا 2030ئتک توسیع دینے ، بلوچستان میں ابتدائی طور پر تین ماہ کیلئے ٹیوب ویلوں، گھریلو، صنعتی صارفین کو مزید 3 گھنٹے اضافی بجلی فراہم کرنے اور سعودی فنڈبرائے ترقی کے ذریعے پی ایس اوکو پیٹرولیم مصنوعات درآمد کرنے کی تجاویز کی منظوری دیدی ہے ۔ مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نوا ز نے کہا ہے کہ ڈالر مہنگا ہونے سے پاکستان کی معیشت تباہی کے دہانے پرپہنچ گئی۔ ٹویٹر پر اپنے بیان میں انہوں نے کہاکہ نالائق اعظم کی طرف سے معیشت کوپہنچایا گیا نقصان ناقابل تلافی ہے ۔ مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ ڈالر اور بجلی اِس لئے مہنگی ہو رہی ہے کہ عمران صاحب آئی ایم ایف کی نوکری کر رہے ہیں ۔سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ قیمت سے کون فائدہ اٹھا رہا انکوائری کی جائے ۔سعید غنی نے کہا ہے کہ موجودہ معاشی دہشت گرد حکومت کی معاشی دہشتگردی کے باعث ڈالر 160 روپے تک پہنچ چکا ہے ۔ ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے کہاہے کہ عمران خان کے پاس سوائے چندے مانگنے کے کوئی معاشی حکمت عملی نہیں۔