کراچی (کامرس رپورٹر)ملکی کرنسی مارکیٹوں میں پاکستانی روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی اونچی پرواز جمعرات کو بھی برقرار رہی اورانٹربینک مارکیٹ میں روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالرکی قیمت میں مزید20پیسے اور اوپن مارکیٹ میں روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قیمت میں50پیسے کا اضافہ ریکارڈ کیاگیاجس کے نتیجے میں انٹر بینک میں امریکی ڈالر164.20روپے اور اوپن مارکیٹ میں163.50روپے کی ملکی تاریخ کی نئی بلندترین سطح پر پہنچ گیا۔یوروکی قیمت خرید میں1.00روپے اور قیمت فروخت میں2.00روپے جبکہ برطانوی پاؤنڈ کی قیمت خریدمیں2.00روپے اورقیمت فروخت میں3.30روپے کااضافہ ریکارڈ کیاگیا۔فاریکس رپورٹ کے مطابق سعودی ریال کی قیمت خریدمیں30پیسے اور قیمت فروخت میں40 پیسے جبکہ یواے ای درہم کی قیمت خریدمیں35پیسے اور فروخت میں50پیسے کا اضافہ ہوا۔ کرنسی ڈیلرز کے مطابق ڈالر کی قدر بڑھنے کے ساتھ ساتھ افواہوں کا بازار بھی گرم ہے جس کے نتیجے میں خرید وفروخت کی سرگرمیا ں برائے نام رہ گئی ہیں۔ادھر مقامی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونامزید500روپے مہنگاہوکرملکی تاریخ کی نئی بلندترین سطح 81500روپے پر پہنچ گیا۔چاندی کی فی تولہ قیمت910.00روپے پرمستحکم رہی ۔