ملتان(سپیشل رپورٹر؍ این این آئی)وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہاہے کہ گورنر سٹیٹ بینک کی بنیادی ذمہ داری ہے کہ وہ ڈالر کے ریٹ کو دیکھیں، وزیر خزانہ کا اس سے تعلق نہیں ہوتا،سیاسی پارٹیوں کا اپنا فیصلہ ہے ، وہ احتجاج کرنا چاہتے ہیں تو عید کے بعد اپنا شوق پورا کر لیں۔امریکہ اور چین کے درمیان معاملات بھی ڈالر پر اثر انداز ہوئے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز اپنے دورہ ملتان کے دوران عوام رابطہ مہم کے سلسلے میں این اے 156 کے دورہ کے دوران مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے موٹر سائیکل پر بیٹھ کر ، پیدل چل کرمحلہ شریف پورہ، عثمان پورہ، شاہین آباد اوردیگر علاقوں کا دورہ کیا۔ وزیرخارجہ نے اپنے حلقے کے بعض لوگوں کے گھروں میں جاکر ان کے پیاروں کی وفات پراظہارتعزیت کیا اور فاتحہ خوانی کی۔ مختلف مقامات پر لوگوں سے بات چیت کرتے ہوئے وزیرخارجہ نے کہا نیا بلدیاتی نظام حکومت لوگوں کے مسائل کے حل میں معاون ثابت ہوگا،پی ٹی آئی کے موجودہ دور حکومت میں ہی جنوبی پنجاب صوبہ قائم ہوجائے گا۔