پشاور(92نیوز)عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی سینئر رہنما سینئر پارلیمنٹرین اور یونائیٹڈ بزنس گروپ کے سینئر لیڈر سینیٹر الیاس احمد بلور نے روپے کے مقابلے میں ایک ہفتہ کے دوران ڈالر کی قدر میں8 روپے اضافہ کو حکومت کی بدترین ناکامی قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ گذشتہ9 ماہ کی کارکردگی نے عمران خان کی حکومت کو بے نقاب کردیا ہے ۔ عمران خان نے پاکستان کی معیشت میں بارودی سرنگیں بچھادی ہیں ۔ ڈالر کی قیمت 170 روپے تک جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ ڈالر کی قیمت میں بروز بروز ہونیوالا اضافہ اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے آئی ایم ایف کی تمام شرائط تسلیم کرکے اس کے ساتھ معاہدہ کیا ہے ۔سینیٹر الیاس احمد بلور نے کہاکہ ڈالر اپنے منہ سے کہہ رہاہے کہ'' روک سکو تو رو ک لو ''۔انہوں نے کہاکہ عمران کان جنہیں چور اور لٹیرے کہتے ہیں انہی لٹیروں نے پاکستان میں ایٹمی دھماکے کئے لیکن روپے کی قدر نہیں گرنے دی اور اس وقت ڈالر 64 روپے کا تھا ۔ انہوں نے کہاکہ ملک میں تبدیلی نہیں بلکہ تباہی لائی جا رہی ہے ۔