کراچی ( کامرس رپورٹر )پاکستان سٹاک مارکیٹ جمعرات کو کاروباری اتار چڑھاوکے بعد پھرمندی کی لپیٹ میں آگئی ،کے ایس ای100انڈیکس46800پوائنٹس کی سطح کو چھونے کے بعد 46300پوائنٹس کی کم سطح پر آگیا جبکہ مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کے 60ارب روپے سے زائد ڈوب گئے ،کاروباری مندی کے سبب65.90فیصد حصص کی قیمتیں بھی گھٹ گئیں۔ پاکستان سٹاک مارکیٹ میں جمعرات کو کے ایس ای100انڈیکس میں281.70پوائنٹس کی کمی ریکارڈ کی گئی جس کے نتیجے میں انڈیکس46629.88پوائنٹس سے کم ہو کر46348.18پوائنٹس ہو گیا ۔کاروباری مندی کے سبب مارکیٹ کے سرمائے میں60ارب82 کروڑ76لاکھ89ہزار693روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی جس کے نتیجے میں سرمائے کامجموعی حجم79کھرب60ارب96کروڑ49لاکھ51ہزار896روپے سے گھٹ کر79کھرب 13کروڑ72لاکھ62ہزار203روپے رہ گیا۔پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں جمعرات کو9ارب روپے مالیت کے 26کروڑ95لاکھ12ہزار حصص کے سودے ہوئے ،مجموعی طور پر352کمپنیوں کا کاروبار ہوا ۔دریں اثناء ڈالر کے مقابلے میں پاکستانی روپیہ بدترین گراوٹ کا شکاررہا ،جمعرات کو انٹر بینک میں ایک بار پھر ڈالر کی قدر174روپے اور اوپن مارکیٹ میں ڈالر176روپے کی بلند سطح سے تجاوز کر گیا ہے ۔ انٹر بینک میں روپے کے مقابلے ڈالر کی قدر میں 1.10روپے اور اوپن کرنسی مارکیٹ میں1.60روپے کا ریکارڈ اضافہ ہوا۔علاوہ ازیں جمعرات کو ملکی صرافہ مارکیٹوں میں3300روپے کے ریکارڈ اضافے سے ایک تولہ سونا1لاکھ29ہزار100روپے ہو گیا جبکہ2829روپے کے نمایاں اضافے سے دس گرام سونے کی قیمت1لاکھ10ہزار682رپوے پر جا پہنچی۔