اسلام آباد (این این آئی) العزیزیہ ریفرنس میں نوازشریف اور نیب کی سزا کے خلاف اپیل کے معاملہ پر اپیل کی پیپر بکس کی تیاری مکمل کر لی گئی جبکہ نیب نے پیپر بکس کا ایک سیٹ بھی رجسٹرار آفس سے حاصل کرلیا۔ ذرائع کے مطابق نواز شریف کے وکلا نے رجسٹرار آفس سے پیپر بکس ابھی حاصل نہیں کی،گزشتہ 9 ماہ سے پیپربک کی تیاری نہ ہونے سے اپیل کی کارروائی آگے نہیں بڑھ سکی تھی ۔العزیزیہ ریفرنس میں نواز شریف کی سزا کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ میں دائر اپیل پر سماعت 18 ستمبر کو ہوگی، جسٹس عامرفاروق اورجسٹس محسن اخترکیانی سماعت کریں گے ۔ دوسری جانب نوازشریف نے سزامعطلی کیلئے نئی متفرق درخواست تیار کرلی ہے جو ان کے وکیل خواجہ حارث کل اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائر کریں گے ۔ درخواست میں کیس کی سماعت تک نوازشریف کو ضمانت پر رہا کرنے کی استدعا کی جائے گی۔