لاہور (سٹاف رپورٹر)تحریک منہاج القرآن کے بانی و سرپرستی شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی 69ویں سالگرہ کے حوالے سے شہر شہر کانفرنسز اور کیک کاٹنے کی تقاریب جاری ہیں، ملک بھر کی تنظیمات کی طرف سے ان کی 69ویں سالگرہ کے موقع پر ان کی علمی، تحقیقی، تجدیدی خدمات پر کانفرنسز منعقد کی جارہی ہیں، ان کانفرنسز کا عنوان ’’علم، تحقیق اور تجدید کا عہد بے مثال‘‘ ہے ۔ گزشتہ روز اس سلسلے میں مرکزی تقریب فیصل آباد میں ہوئی جس کے مہمان خصوصی صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈاکٹر حسین محی الدین قادری تھے ۔ تقریب میں خرم نواز گنڈاپور، انجینئر رفیق نجم، بشارت جسپال، میاں ریحان مقبول، میاں عبدالقادر، میاں کاشف اور ہزاروں کارکنان شریک تھے ۔ ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی اصلاح معاشرہ کے ضمن میں تحریری، تقریری کردار پر روشنی ڈالی اور کہا کہ تحریک منہاج القرآن کے بانی و سرپرست نوجوانوں کو باعمل مسلمان اور محب وطن شہری بنانے پر محنت کررہے ہیں اور منہاج القرآن کی تحقیقی اور تجدیدی خدمات کے نتیجے میں اندرون اور بیرون ملک مقیم نوجوانوں کے دلوں میں علم اور امن کی شمع روشن ہورہی ہے ۔