اسلام آباد(خبر نگار؍خصوصی نیوز رپورٹر)الیکشن کمیشن میں الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں اور ای ووٹنگ سے متعلق اہم اجلاس چیف الیکشن کمشنر سکندرسلطان راجہ کے زیر صدارت ہوا ۔اجلاس میں چیف الیکشن کمشنر اور سیکرٹری الیکشن کمیشن کے علاوہ الیکشن کمیشن کے حکام اور اعلیٰ افسران جبکہ وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات فواد چودھری، وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی شبلی فراز ،وزیر اعظم کے مشیر برائے پارلیمانی امور بابر اعوان اور شہزاد اکبر نے شرکت کی۔اجلاس میں الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں اور انٹرنیٹ ووٹنگ کے حوالے سے معاملات زیر غور آئے ۔ اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی شبلی فراز نے کہا وزارت سائنس الیکٹرانک ووٹنگ مشین پر کام کررہی ہے ،الیکٹرانک ووٹنگ کے لئے الیکشن کمیشن سے رابطے میں ہیں ،امید ہے آئندہ الیکشن شفاف ہوگا اور غیر متنازعہ ہوگا۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا آر ٹی ایس ماضی کا قصہ ہوگیا ،ماضی سے سیکھ کر اب آگے بڑھنا ہے ۔مشیر پارلیمانی امور بابر اعوان نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی کمائو پت ہیں ، الیکشن بل اسمبلی میں لے جارہے ہیں،اپوزیشن تجاویز دے ،حکومت جائزہ لے گی ،الیکشن نظام میں لگا کینسر ختم کرنا چاہتے ہیں ۔انھوں نے کہا پری پول دھاندلی ، آر او کی جانبداری اور انتظامی افسران کا اپنے اضلاع میں تعینات ہونا ختم کرنا ہے ۔بابر اعوان نے کہا پولنگ کا دن ٹیکنالوجی سے شفاف ہوسکتا ہے ،پوسٹ پولنگ میں بھی ٹیکنالوجی سے شفافیت آسکتی ہے ،سینٹ اور قومی اسمبلی میں الیکٹورل ریفارمز بل کے لئے حکومت کے پاس اکثریت موجود ہے ،الیکشن تمام جماعتوں نے لڑنا ہے اس لئے سب تجاویز دیں۔ انھوں نے کہا الیکشن کمیشن کو مالی طور پر بھی خودمختار بنانا چاہتے ہیں۔بابر اعوان نے کہا اپوزیشن اور الیکشن کمیشن سمیت تمام متعلقہ فریقوں سے مشاورت کر رہے ہیں، سب شفافیت کے حامی ہیں۔انہوں نے کہا الیکشن کمیشن سے کل ملاقات ہو گی۔فواد چودھری نے کہا بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینا تحریک انصاف کے منشور کا بنیادی حصہ ہے ، انتخابی اصلاحات کے عمل میں اپوزیشن کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا، الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے لئے تمام ٹیکنالوجی مکمل ہے ، 2023ئکے عام انتخابات اس نئے میکنزم کے تحت ہوں گے جو پی ٹی آئی حکومت نے الیکشن کمیشن اور پارلیمنٹ میں پیش کیا ہے ۔انہوں نے کہا الیکشن کمیشن نے انتخابی عمل میں ٹیکنالوجی کے استعمال کو خوش آئند قرار دیا ہے ۔انہوں نے بتایا الیکشن کمیشن کے ساتھ فیس بک پوسٹ کے حوالے سے بھی بات ہوئی، الیکشن کمیشن نے معذرت کی ۔