اسلام آباد (لیڈی رپورٹر)وزارت خارجہ نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں داخل کرائے گئے جواب میں کہا ہے کہ حکومت پاکستان کی کوششوں سے ہالینڈ میں گستاخانہ خاکوں کا مقابلہ منسوخ ہوا ، وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کابینہ اجلاس میں معاملہ اٹھایا جس پر گستاخانہ خاکوں کے مقابلہ پر سخت اقدامات اٹھانے کا فیصلہ ہوا ، ہالینڈ کے سفیر کے ساتھ بھی معاملے کو اٹھایا گیا اور گستاخانہ خاکوں کا مقابلہ رکوانے کے لئے مختلف ممالک کو خطوط لکھے گئے ،لہٰذا ہالینڈ سے سفارتی تعلقات منقطع کرنے کی درخواست غیر موثر ہو چکی ہے اس لئے اسے نمٹا دیا جائے ۔ واضح رہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے شہری حافظ احتشام احمد کی جانب سے دائر درخواست پر وزارت خارجہ اور دیگر فریقین سے جواب طلب کیا تھا۔ عدالت عالیہ کے جسٹس محسن اختر کیانی نے وزیر اعظم سمیت دیگر فریقین کو جواب جمع کرانے کی دوبارہ ہدایات جاری کرتے ہوئے مقدمے کی سماعت 15 جنوری تک ملتوی کر دی ہے ۔ فاضل جسٹس نے وفاقی حکومت سے توہین رسالت سے متعلق قوانین میں ترمیم کے حوالے سے سینٹ میں جمع کرائے گئے ترمیمی بل کا ڈرافٹ طلب کیا ہے ۔ علاوہ ازیں اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس محسن اختر کیانی نے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ کسٹم راجہ ابرار کے قتل کے ملزم راجہ ارم کیانی کی عمر قید کی سزا برقرار رکھتے ہوئے ماتحت عدالت کے فیصلے کے خلاف اپیل خارج کر دی ہے ۔دریں اثنائاسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق چیف جسٹس پاکستان افتخار محمد چودھری کی بلٹ پروف گاڑی کیس کی سماعت فریقین کی عدم حاضری پر 29 نومبر تک کے لئے ملتوی کر دی۔