اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) الیکشن کمیشن نے مریم نواز کی ن لیگ کی نائب صدارت کیخلاف تحریک انصاف کی درخواست مسترد کر دی۔ الیکشن کمیشن نے کہاکہ مریم نواز نائب صدارت کا عہدہ مشروط طور پر رکھ سکتی ہیں،مریم نوازپارٹی کی قائم مقام صدر بن سکتی ہیں نہ اختیارات کا استعمال کر سکیں گی۔چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) سردار محمد رضا کی سربراہی میں 3 رکنی بنچ نے منگل کو مختصر فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ ن لیگ کے نائب صدر کا عہدہ بظاہر غیر فعال ہے اسلئے مریم نواز نائب صدر کا عہدہ رکھ سکتی ہیں،مختصر فیصلے کے مطابق مریم نواز نائب صدارت کا عہدہ مشروط طور پر رکھ سکتی ہیں۔چیف الیکشن کمشنر نے اپنے فیصلے میں کہا کہ اگر پارٹی کی صدارت یا کوئی دوسرا فعال عہدہ خالی ہوتا ہے تو مریم نواز نااہلی ختم ہونے تک وہ عہدہ حاصل نہیں کر سکیں گی۔الیکشن کمیشن نے اپنے فیصلے میں کہا کہ مریم نواز خود بھی پارٹی کا کوئی بھی فعال عہدہ قبول نہ کریں۔الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف کی ملیکہ بخاری، فرخ حبیب، جویریہ آہیر اور کنول شوزب کی مریم نواز کو پارٹی کی نائب صدارت سے ہٹانے کی درخواست مسترد کی۔ فیصلے کے بعدمیڈیاسے گفتگو میں مریم اورنگزیب نے کہا کہ مریم نواز کو عوامی خدمت کیلئے کسی عہدے اور سرٹیفکیٹ کی ضرورت نہیں، تحریک انصاف ای سی پی میں سستی شہرت کیلئے درخواست لے کر گئی ، موجودہ حکومت اس طرح کی چھوٹی حرکتیں کررہی تھی جس کا جواب انہیں الیکشن کمیشن سے مل گیا۔مریم نواز کے وکیل بیرسٹر ظفر اللہ نے کہاکہ انصاف پر فیصلہ کرنے پر الیکشن کمیشن کے مشکور ہیں۔ن لیگ کے وکیل جہانگیر جدون نے کہاکہ آج حق کی فتح ہے ،اگر فیصلہ ہمارے خلاف آتا تو اسکے دیگر پارٹیوں پر بھی اثرات ہوتے ۔