لاہور(سٹاف رپورٹر) امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ نگران حکومت، الیکشن کمیشن اور دیگر ادارے الیکشن پر اٹھنے والے سوالات پر عوام کو اعتماد میں لیں ، الیکشن متنازعہ ہوئے تو قومی یکجہتی پارہ پارہ ہونے کا خطرہ ہے ،ملک میں خونی انقلاب کو روکنے کا ایک ہی طریقہ ہے کہ انتخابات پر عوام کے اعتماد کو بحال کیا جائے ،ایک جماعت کی سرپرستی کاتاثر ختم کیاجائے ۔ان خیالات کا اظہا رانہوں نے چکدرہ اور تالاش میں انتخابی جلسوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ اگر ملک میں اسلامی نظام ہوتا تو کسی آمر اور ڈکٹیٹر کو جمہوریت اور آئین سے کھیلنے کی کبھی جرا ٔت نہ ہوتی ،آج تک ملک میں جمہوریت کے نام پر شخصی آمریتیں قائم رہیں،لینڈ مافیا ،شوگر مافیا اور ڈرگ مافیا کی حکمرانی میں عوام کو عزت و احترم اور ملک کو ترقی و خوشحالی نہیں مل سکتی ،ایم ایم اے اقتدار میں آکر سودی نظام ختم کرکے اسلام کا معاشی نظام دے گی ۔شفاف الیکشن کے حوالے سے شکوک و شبہات کا خاتمہ ہونا چاہئے ۔انہوں نے کہا کہ ماضی میں الیکشن کے بعد دھاندلی کا شور مچتا تھااور موجودہ انتخابات میں الیکشن سے پہلے ہی یہ شور مچ گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ اگر یہی صورت حال رہی تو انتخابی نتائج کو کوئی قبول نہیں کرے گا ۔سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ عوام اپنی آنے والی نسلوں کو غربت ، جہالت اور پریشانیوں سے محفوظ رکھنا چاہتے ہیں تو انہیں متحدہ مجلس عمل کا انتخاب کرنا ہوگا۔انہوں نے کہاکہ ایم ایم اے حقیقی متبادل قوت اور پاکستان کے عوام ایم ایم اے کے ساتھ ہیں ۔