اسلام آباد (این این آئی) چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی نے الیکشن کمیشن کے ارکان کی تعیناتی بارے سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کو خط لکھ دیا ۔ صادق سنجرانی نے سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کو خط میں الیکشن کمیشن کے ممبران کی تعیناتی کے حوالے سے مشاورت کا کہا ہے ۔خط میں تجویز دی گئی کہ ممبران کی تعیناتی کیلئے سپیکر اور چیئرمین سینٹ کی ملاقات ہونی چاہئے ۔ خط میں تجویز دی گئی کہ یہ ملاقات 21 اکتوبرکو ہوسکتی ہے ۔چیئرمین سینٹ کی جانب سے یہ خط اسلام آباد ہائیکورٹ کے 14 اکتوبر کے فیصلے کی روشنی میں لکھا گیا ۔دوسری جانب الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ پنجاب اور خیبر پختونخوا میں حکومت کی مقرر کردہ تاریخ پر بلدیاتی انتخابات کرانا ممکن نہیں کیونکہ دو ارکان کی تقرری حال نہیں ہو سکی۔ الیکشن کمیشن ذرائع نے کہا کہ فروری 2020 ئمیں بلدیاتی انتخابات کا انعقاد ممکن نہیں، پنجاب اور خیبر پختونخوا نے تاحال انتخابی قواعدبھی تیار نہیں کیے ،الیکشن کمیشن کو رولزکے اجرا کے بعد حلقہ بندیوں کیلئے کم ازکم 4 ماہ چاہئیں۔