اسلام آباد، شیخوپورہ، چنیوٹ،ڈیرہ غازی خان، جامکے چٹھہ، وہوا، صادق آباد (وقائع نگا رخصوصی،ڈسٹرکٹ رپورٹر، نامہ نگار ،نمائندگان 92نیوز) الیکشن کمیشن نے قومی و صوبائی اسمبلیوں کے 26 حلقوں میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کی منظوری دیدی جبکہ32حلقوں کے فارم49موصول ہونے پر دوبارہ گنتی کی درخوستیں مسترد کر دیں۔جن حلقوں میں دوبارہ گنتی کی منظوری دی گئی ان میں سابق وزرائے اعظم سید یوسف رضا گیلانی ، شاہد خاقان عباسی کے علاوہ سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق ، سردار اویس احمد خان لغاری ، رانا طاہر شبیر ، رانا محمد افضل خان ، سید محمد ثقلین بخاری ، بلیغ الرحمان ، شذرہ منصب علی ، علی اصغر خان سمیت دیگر امیدواروں کے حلقے شامل ہیں۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری بیان کے مطابق دوبارہ گنتی کی درخواستوں پر غور کیا گیا جس کے بعد الیکشن کمیشن نے 26 حلقوں میں دوبارہ گنتی کی منظوری دی، دوبارہ گنتی کی اجازت فارم 49 موصول نہ ہونے کے باعث دی گئی ۔ الیکشن کمیشن کے مطابق قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 57 راولپنڈی، این اے 158 ملتان، این اے 110 فیصل آباد، این اے 129 لاہور، این اے 15 ایبٹ آباد، این اے 10 شانگلہ، این اے 170 بہاولپور، این اے 159 ملتان، این اے 118 ننکانہ صاحب، این اے 140 قصور، این اے 188 لیہ، این اے 117 ننکانہ صاحب،این اے 112ٹوبہ ٹیک سنگھ ، این اے 119شیخوپورہ میں دوبارہ گنتی کی اجازت دی گئی ہے ۔ الیکشن کمیشن نے صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی پی 290، 291 اور 292 ڈی جی خان سمیت پی کے 36 ایبٹ آباد اور پی ایس 32 بدین میں دوبارہ گنتی کی اجازت دی ہے ۔الیکشن کمیشن نے 32حلقوں میں دوبارہ گنتی کی درخواست مسترد کر دی ۔ ادھر پی پی 292 کی دوبارہ گنتی مکمل کر لی گئی ، پی ٹی آئی کے امید وار سردار محمد خان لغاری کی کامیابی برقرار رہی ۔ شیخوپورہ کے حلقہ پی پی 143 میں دوبارہ گنتی کے دوران کے نواز لیگ کے چودھری سجاد حیدر گجر صرف 160 ووٹوں کی لیڈ سے کامیاب قرار پائے ۔ پی پی 52 میں دوبارہ گنتی آج بھی جاری رہے گی۔ پی پی39میں دوبارہ گنتی میںآزاد امیدوار رانا لیاقت علی 121ووٹوں سے کامیاب رہے ۔ این اے 100میں دوبارہ ووٹوں کی گنتی کا عمل تیسرے روز بھی جاری رہا ۔ کوہاٹ کے صوبائی حلقہ پی کے 81 میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی میں بھی پی ٹی آئی کے امتیاز شاہد کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ پی پی 285 کے 12 پولنگ اسٹیشن کے ووٹوں کی دوبارہ گنتی کے بعدپی ٹی آئی کے خواجہ حافظ محمد دائود سلیمانی کی فتح برقراررہی ۔ پی پی 268کے ووٹوں کی دوبارہ گنتی میںمسلم لیگ ن کے ملک غلام قاسم ہنجر اکی برتری برقراررہی ۔حیدرآباد کے حلقہ پی ایس 67 کے مسترد شدہ ووٹوں کی دوبارہ گنتی کا عمل مکمل کرلیا گیامتحدہ کامیاب رہی۔ دوسری طرف الیکشن کمیشن نے آل پارٹیز کانفرنس کے اختتام پر چند شکست خوردہ سیاسی رہنمائوں کی جانب سے چیف الیکشن کمشنر کے استعفیٰ کے مطالبہ کو یکسر مسترد کر تے ہوئے آج منگل کو تفصیلی ردعمل دینے کا اعلان کیا ہے ۔ الیکشن کمیشن نے کراچی میں مبینہ طور پر کچرے کے ڈھیر سے ملنے والے بیلٹ پیپرز پر صوبائی الیکشن کمشنر سندھ اور متعلقہ ڈی آر او اور ریٹرننگ افسر سے تفصیلی رپورٹ طلب کرلی ۔ الیکشن کمیشن نے سیا سی جماعتوں کو یاد دھانی کروائی ہے کہ وہ 29 اگست 2018تک اپنے پارٹی اثاثوں اوراکاؤنٹس کی تفصیلات کمیشن میں جمع کرا دیں۔