اسلام آباد(آن لائن)الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے الیکشن ٹربیونلز میں انتخابی جھگڑے نمٹانے کیلئے ہائی کورٹ کے حاضرسروس ججز کی تقرری کا فیصلہ کرلیا۔ رپورٹ کے مطابق کمیشن کے ایک عہدیدار نے تبایا کہ اس ضمن میں ای سی پی نے رجسٹرار کو مراسلہ ارسال کردیا جس میں 5 ججوں کی فراہمی سے متعلق متن درج ہے ۔اس حوالے سے بتایا گیا کہ الیکشن ٹربیونلزمیں ججوں کی تقرری سے متعلق نوٹیفکیشن روا ں ہفتے جاری ہو سکتا ہے ۔دوسری جانب قانونی ماہرین کے مطابق الیکشن ٹربیونلز میں ججوں کی تعیناتی سے ہائیکورٹ کے امور متاثر ہو نگے ۔انہوں نے بتایا کہ ملک بھر کی مختلف عدالتوں میں مجموعی طور پر 20 لاکھ سے زائد مقدمات ذیرالتوا ہیں تاہم 10 لاکھ 70 ہزار مقدمات سیشن کورٹس، 2 لاکھ 95 ہزار ہائی کورٹس اور 40 ہزار عدالت عظمیٰ میں زیرسماعت ہیں۔الیکشن ایکٹ 2017 کے مطابق اگر الیکشن ٹریبیونل میں حاصر سروس جج فرائض انجام دیتے ہیں تو الیکشن کمیشن ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کو درخواست پیش کرے گا کہ متعلقہ جج کو انتخابی پٹیشن نمٹانے کے علاوہ کوئی بھی دوسرا عدالتی کام نہ سونپا جائے ۔خیال رہے کہ عمومی طور پر حتمی انتخابی نتائج کے بعد ہی الیکشن ٹربیونل میں ججز کی تعیناتی ہوتی ہے اور نتائج کے خلاف 45 دن کے اندر درخواستیں موصول ہونا شروع ہوجاتی ہیں۔رواں برس الیکشن ٹربیونل کی جانب سے نوٹیفیکیشن تاخیر سے جاری ہوا جس کے بعد انتخابی امیدوار کے پاس 45 دن سے بھی کم وقت بچا ہے ۔