اسلام آباد،کوہاٹ(وقائع نگار خصوصی،این این آئی ) الیکشن کمیشن نے انتخابات میں رزلٹ ٹرانسمیشن سسٹم کی ناکامی کی تحقیقات کرانے کا فیصلہ کر لیا اس سلسلے میں الیکشن کمیشن نے کابینہ ڈویژن کو خط لکھتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ آرٹی ایس کی تحقیقات کیلئے این ٹی آئی ایس بی اور پی ٹی اے کے تکنیکی ماہرین پر مشتمل کمیٹی قائم کی جائے اور تحقیقات 4ہفتوں کے اندر مکمل کی جائیں ۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پی پی پی پی کے رہنما ء اور قومی اسمبلی کے حلقہ 259سے امیدوار میر باز محمد کھتیران کے اس بیان پر کہ سیکرٹری الیکشن کمیشن نے انکے الیکشن میں مداخلت یا دھاندلی کرائی، سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے بیان کو نہ صرف مسترد کیا بلکہ مضحکہ خیز قرار دیا ہے ۔ الیکشن کمیشن نے صوبہ خیبر پختونخوا میں شامل ساتوں قبائلی اضلاع میں قائم ایجنسی الیکشن کمشنر کے موجودہ عہدوں کے نام فوری طور پرتبدیل کرکے نئے نام ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر رکھنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا جبکہ سابقہ فاٹا کیلئے فاٹا سیکرٹریٹ میں قائم الیکشن کمشنر فاٹا کے عہدہ کے بارے میں نوٹیفکیشن میں کوئی ذکرنہیں کیا گیا ۔ الیکشن کمیشن نے علیم خان کی جانب سے جعلی حلف نامے جمع کرانے سے متعلق کیس کی سماعت کی 16 اگست تک ملتوی کر دی،سماعت کے دوران الیکشن کمیشن کے بینچ نے علیم خان کے وکیل کے کورٹ ڈریس میں پیش نہ ہونے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایڈووکیٹ ایسے ہوتے ہیں، پیش ہونے کا کوئی طریقہ ہوتا ہے ،کوئی مینرز ہوتے ہیں۔